کھیل

کپتان تبدیل کرنے کا فیصلہ کون کرے گا؟ چیئرمین پی سی بی نے بتادیا

سوشل میڈیا پوسٹس دیکھ کرفیصلے نہیں کرتا، محسن نقوی

Web Desk

کپتان تبدیل کرنے کا فیصلہ کون کرے گا؟ چیئرمین پی سی بی نے بتادیا

سوشل میڈیا پوسٹس دیکھ کرفیصلے نہیں کرتا، محسن نقوی

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ کپتان بابر اعظم کو تبدیل کرنے سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ 'لوگ سرجری کا پوچھ رہے ہیں، کبھی کوئی فیصلہ غصے میں نہیں کرتے، جلد بازی کے فیصلے اکثر نقصان دہ ہوتے ہیں'۔

انہوں نے بتایا کہ 'ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے رپورٹ جمع کروادی ہے، رپورٹ میں انہوں نے ورلڈکپ میں کارکردگی سے متعلق تفصیلی بتایا ہے، ہیڈ کوچ گیری کرسٹن اور اظہر محمود کو بات چیت کے لیے بلا لیا ہے، سابق کرکٹرز سے رابطے میں ہوں، کرکٹ کی بہتری کے لیے مشورے لے رہے ہیں'۔

اُن کا کہنا تھا کہ 'میں اُن سابق کرکٹرز کے ساتھ رابطے میں ہوں جو کرکٹ کو بہتر کرنا جانتے ہیں، وہ سابق کرکٹرز معاملات دیکھیں گے جن کی روزی روٹی مختلف ٹی وی چینلز پر بولنا نہیں ہے'۔

چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ ایک سابق کرکٹرنے بڑی محنت سے بہتری کے لیے تفصیلی رپورٹ دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شان مسعود کے ساتھ ویڈیو کال ہوئی تھی اس کے ساتھ بھی بات ہوئی کہ کیسے بہتر کیا جا سکتا ہے، شان مسعود کو ہٹانے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، ان کے بارے میں بہت لوگوں کی مثبت رپورٹ ملی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ 'مجھے آئے ہوئے 4 مہینے ہوئے ہیں، یہاں بہت کچھ ٹھیک ہونے والا ہے، سوشل میڈیا پوسٹس دیکھ کرفیصلے کرتا ہوں نہ کروں گا، پی سی بی سوشل میڈیا پوسٹس سے نہ چل رہا ہے اور نہ چلنے دوں گا، دن میں پی سی بی یا میرے خلاف چار چار پوسٹس کریں کوئی فرق نہیں پڑتا'۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 'سب سے بڑا ٹارگٹ یہ ہے کہ قومی ٹیم کی منفی کارکردگی کو بہتر کیسے بنایا جائے، جس دن میں پریشر میں آیا بہتر سمجھوں گا کہ گھر چلا جاؤں، کرکٹ اور پی سی بی کو بہتر بنانے کی کوشش کررہا ہوں'۔

انہوں نے کہا کہ 'تحمل کے ساتھ چیزوں کو دیکھ رہے ہیں، پی سی بی کے اندر معاملات کو بہتر کرنا بھی ایک چیلنج ہے، پی سی بی کے اندر لوگ دکھاتے کچھ ہیں اور گراؤنڈ میں سچائی کچھ اور ہوتی ہے'۔

اُن کا کہنا تھا کہ 'بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی میزبانی لاہور میں ممکن نہیں ہے، ہوم سیریز کے وینیوز میں ملتان ،کراچی اور راولپنڈی شامل ہیں، بنگلا دیش سیریز کے وینیوز اور تاریخیں فائنل ہوچکی ہیں جس کا اعلان ہوجائے گا، دونوں فارمیٹ کے ہیڈ کوچز کو پاکستان بلا لیا ہے'۔

چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ 'کپتان بابر اعظم کو تبدیل کرنے سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، کپتان کو تبدیل کرنے سے متعلق فیصلہ سابق کرکٹرز کریں گے'۔

انہوں نے کہا کہ 'مجھے بھی محسوس ہوا کہ غلطیاں ہوئی ہیں لیکن سابق کرکٹرز فیصلہ کریں گے،ورلڈکپ کے بعد بابر اعظم اور وہاب ریاض سے ملاقات نہیں ہوئی'۔

محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ ملک میں یا بیرون ملک کرکٹ شائقین بدتمیزی کریں گے تو نتائج کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ 'حارث رؤف کے ساتھ جس نے بدتمیزی کی ہے اس کے پیچھے ایف آئی اے لگوادی ہے، حارث رؤف کے ساتھ بدتمیزی کرنے والوں کو دعوت دیتا ہوں کہ جلدی پاکستان آئیں، ایف آئی اے اُن کا استقبال کرے گی'۔

تازہ ترین