اسکینڈلز

لو سنہا نے ظہیر کے والد کے مخالف بیان سے 'یو ٹرن' لے لیا

لو سنہا نے معاملے پر مزید گفتگو سے منع کردیا

Web Desk

لو سنہا نے ظہیر کے والد کے مخالف بیان سے 'یو ٹرن' لے لیا

لو سنہا نے معاملے پر مزید گفتگو سے منع کردیا

لو سنہا کا سوناکشی کی شادی میں عدم موجودگی پر ایک نیا بیان
لو سنہا کا سوناکشی کی شادی میں عدم موجودگی پر ایک نیا بیان

بھارتی لیجنڈری اداکار و سیاستدان شتروگھن سنہا کے بیٹے لو سنہا اپنی بہن و اداکارہ سوناکشی سنہا کی شادی میں شرکت نہ کرنے کی بتائی گئی وجہ سے مکر گئے۔

23 جون کو سوناکشی سنہا پیا گھر سدھار گئیں لیکن شادی کی تقریبات میں اداکارہ کے جڑواں بھائی لو سنہا اور کُش سنہا کی عدم موجودگی کئی سوال اٹھا گئی۔

سوناکشی کی شادی میں دونوں بھائیوں کا نظر نہ آنا سنہا فیملی میں لڑائی کی خبروں کو ہوا دے گیا اور ہر جانب یہی شور سنائی دیا کہ ممکنہ طور پر سوناکشی کی پسند سے سنہا فیملی خوش نہیں ہے۔

سوشل میڈیا پر زیرِگردش افواہوں کے ساتھ ہی دونوں بھائیوں کے مختلف بیانات بھی سامنے آئے جس نے معاملے کو مزید پیچیدہ بنادیا۔

کُش سنہا نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ زیادہ نظر نہیں آئے لیکن وہ سوناکشی کی شادی میں شریک ہوئے تھے‘ ، جبکہ لو سنہا نے معاملے کو متنازع بناتے ہوئے بھاری میڈیا سے مہلت مانگ لی تھی کہ وہ جلد اس معاملے پر بات کریں گے۔

لو سنہا نے گزشتہ روز سوناکشی کی شادی میں شرکت نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام جاری کیا جس میں ایک ایسا آرٹیکل شامل کیا جو ظہیر اقبال کے والد اقبال رتنسی کے کرپٹ لوگوں سے مراسم کی نشاندہی کر رہا تھا۔

لو سنہا نے اس کے ساتھ لکھا تھا کہ ’ شادی میں شرکت نہ کرنےکی وجہ بہت واضح ہے، اور چاہے کچھ بھی ہوجائے میں چند افراد کے ساتھ تعلق نہیں رکھنا چاہتا، مجھے خوشی ہے کہ میڈیا کے ایک فرد نے اپنی ریسرچ کی، بجائے ان خبروں پر بھروسہ کرنے کے جو مخصوص پی آر ٹیمز کی جانب سے پھیلائی گئیں‘۔

اگرچہ لو سنہا نے بہت کھل کر شادی میں شرکت نہ کرنے کی وجہ اقبال رتنسی کو ٹھہرایا تھا لیکن اب اپنی نئی 'ایکس' پوسٹ میں لو سنہا نے یو ٹرن لے لیا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ' وہ اقتباس جسکو میرے نام سے منسوب کیا جارہا ہے، وہ میں نے نہیں لکھا بلکہ ایک سینئر صحافی نے ایک آرٹیکل میں لکھا تھا لہذا وہ میرا موقف نہیں'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ' یہ معاملہ اب بند ہوچکا ہے اور اب میں اس حوالے سے کوئی بھی بات نہیں کروں گا'۔

تازہ ترین