پاکستان

’دی آسٹریچ‘، ظفر عباس نے کپڑوں کا برانڈ لانچ کردیا

ظفر عباس نے شتر مرغ کو بھی کپڑے پہنا دیے۔

Web Desk

’دی آسٹریچ‘، ظفر عباس نے کپڑوں کا برانڈ لانچ کردیا

ظفر عباس نے شتر مرغ کو بھی کپڑے پہنا دیے۔

ظفر عباس نے شتر مرغ کے نام کا فائدہ اٹھا لیا
ظفر عباس نے شتر مرغ کے نام کا فائدہ اٹھا لیا

پاکستان کے مشہور و معروف سماجی کارکن ظفر عباس نے جے ڈی سی کے نام سے فلاحی تنظیم کے لیے کام کرنے کے ساتھ اپنا کپڑوں کا برانڈ بھی لانچ کردیا۔

فلاحی تنظیم  'جے ڈی سی' کے روح رواں ظفر عباس گزشتہ چند برسوں سے مختلف سماجی مسائل بالخصوص کراچی کی عوام کے اہم مسائل پر آواز اٹھاتے نظر آتے رہے ہیں اور یہی ان کی سوشل میڈیا پر شہرت کی وجہ بھی بنا۔

اگرچہ کچھ لوگ ظفر عباس کو مسیحا کہتے ہیں تو کئی انہیں کراچی کے عوام کے غم کو اپنے یوٹیوب چینل اور اپنی آرگنائزیشن کو فائدہ پہنچانے کیلئے استعمال کرنے والا قرار دیتے ہیں۔

ظفر عباس نے ماہِ رمضان میں لوگوں کیلئے بڑی تعداد میں سحری اور افطاری کا اہتمام کیا جس میں شتر مرغ کھِلانا سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا تھا۔

لوگوں کا کہنا تھا کہ غریب کی مدد کرنے اور ان کو افطار و سحر کروانے کیلئے اتنا مہنگے پرندے کا گوشت کھلانا سمجھ سے باہر ہے پیٹ بھرنے کیلئے تو کوئی بھی چیز ہوسکتی ہے، کیوں کہ شتر مرغ تو امیر بھی افطار میں نہیں کھاتے۔

سوشل میڈیا پر ظفر عباس کے شتر مرغ کے حوالے سے بے شمار میمز بھی بنیں جس کے بعد شتر مرغ کا نام سنتے ہی لوگوں کے ذہن میں ظفر عباس کا نام ہی آنے لگا۔

اس شہرت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ظفر عباس نے اپنے نئے کاروبار کا نام ہی شتر مرغ پر رکھنے کا فیصلہ لے لیا۔

واضح رہے کہ شتر مرغ کو انگریزی میں آسٹریچ کہتے ہیں اور یہی نام ظفر عباس نے کلاتھنگ برانڈ کیلئے منتخب کیا۔

جے ڈی سی کے آفیشل فیس بُک اکاؤنٹ پر شیئر کردہ پوسٹ میں ظفر عباس کی تصویر کے ساتھ ایک کارٹونک شتر مرغ دیکھا جاسکتا ہے جو شرٹ پہن کر سر پر کیپ لگائے ہوئے ہے جبکہ دونوں کے بیک گراؤنڈ میں ہینگر میں شرٹس لٹکی نظر آرہی ہیں۔

پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’ ظفر عباس شتر مرغ لے آئے‘ جبکہ تصویر کے ذریعے اعلان کیا گیا ہے کہ ظفر عباس نے ’دی آسٹریچ‘ نامی کلاتھنگ برانڈ لانچ کردیا ہے‘۔

اس پوسٹ کے ساتھ ظفر عباس نے ’دی آسٹریچ‘ کی آفیشل ویب سائٹ اور فیس بُک اور انسٹاگرام اکاؤنٹ کے لنکس بھی دیے۔

آفیشل ویب سائٹ پر برانڈ  کے لانچ ہونے کا کاؤنٹ ڈاؤن بھی لگایا گیا ہے جس کے مطابق ویب سائٹ کے آپریشنل ہونے میں 3 دن اور کچھ گھنٹے باقی ہیں۔


تازہ ترین