کھیل

'نیپال بھی بابر کو ٹیم میں شامل نہ کرے'، شعیب ملک برس پڑے

ہمارے ٹاپ کھلاڑی کو کسی ٹاپ ٹیم میں شامل نہیں کیا جاسکتا، شعیب ملک

Web Desk

'نیپال بھی بابر کو ٹیم میں شامل نہ کرے'، شعیب ملک برس پڑے

ہمارے ٹاپ کھلاڑی کو کسی ٹاپ ٹیم میں شامل نہیں کیا جاسکتا، شعیب ملک

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 سے جلد باہر ہونے کے سبب پاکستانی کرکٹ ٹیم اور کپتان بابر اعظم مسلسل تنقید کی زد میں ہیں۔

حال ہی میں سابق پاکستانی کرکٹر شعیب ملک نے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں بابر اعظم اور پاکستانی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر تنقید کی ہے۔

شعیب ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان کے بہترین کھلاڑی بابر اعظم کو کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم میں شامل نہیں کیا جاسکتا، حتیٰ کہ نیپال بھی انہیں اپنی ٹیم میں نہیں لے گا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں شعیب ملک نے کہا کہ بابر اعظم بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا جیسی کسی بھی ٹاپ انٹرنیشنل ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکتا۔

ایک ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے سوال کیا کہ ہمارا بہترین کھلاڑی کون ہے؟ ہمارا بہترین کھلاڑی بابر اعظم ہے، میں صرف چار پانچ ٹاپ ٹیموں کی بات کر رہا ہوں، کیا بابر ان ٹیموں کی پلیئنگ الیون میں فٹ ہو سکتا ہے؟ آسٹریلیا کی؟ بھارت کی؟ یا انگلینڈ کی؟ جواب ہے 'نہیں'۔

واضح رہے کہ بابر اعظم کی زیرقیادت قومی ٹیم کی کارکردگی اس لیے بھی بہت زیادہ تنقید کی زد میں ہے کیونکہ پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ کے سپر 8 مرحلے تک پہنچنے میں بھی ناکام رہی تھی۔

2007 کے بعد ٹورنامنٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب پاکستان کو اتنی جلدی ایونٹ سے آؤٹ ہونا پڑا۔

پاکستان کو پہلے مرحلے کے 2 میچز میں شکست ہوئی تھی جس میں قومی ٹیم کو امریکا سے اپ سیٹ شکست ہوئی جبکہ قومی ٹیم، بھارت سے جیتا ہوا میچ بھی ہار گئی تھی۔

تازہ ترین