انفوٹینمنٹ

سلمان خان فائرنگ کیس: ملزمان سے متعلق مزید ہوش رُبا انکشافات

گینگ اداکار کو قتل کرنےکیلئے جدید بندوقیں حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

Web Desk

سلمان خان فائرنگ کیس: ملزمان سے متعلق مزید ہوش رُبا انکشافات

گینگ اداکار کو قتل کرنےکیلئے جدید بندوقیں حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بالی وڈ اداکار سلمان خان پر فائرنگ کرکے ان کو قتل کرنے کا منصوبہ بنانے والے ملزمان کےخلاف نئی چارج شیٹ دائر کر دی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اس چارج شیٹ میں بدنام زمانہ لارنس بشنوئی گینگ کے ملزمان پر قتل کی سازش اور دیگر سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

مہاراشٹر پولیس کی چارج شیٹ سے سامنے آنے والے تہلکہ خیز دعوے کے مطابق جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی نے بالی وڈ اداکار سلمان خان کو قتل کرنے کی سازش کیلئے 25 لاکھ روپے کا معاہدہ کیا تھا۔

واردات کی منصوبہ بندی  اگست 2023 سے اپریل 2024 کے درمیان کی گئی تھی۔

علاوہ ازیں سلمان خان کے قتل کی سازش کے ملزم کے خلاف درج کردہ تازہ الزامات میں قتل کی سازش کے حوالے سے مزید کئی  تفصیلات بھی سامنے آئیں۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ یہ گینگ سلمان خان کو قتل کرنے کیلئے جدید بندوقیں حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا، جس میں AK-47، AK-92، M16 رائفلیں اور ترکی ساختہ زیگانہ پستول شامل ہیں۔

 قابل ذکر بات یہ ہے کہ 2022 میں مبینہ طور پر بشنوئی گینگ نے پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں بھی یہی زیگانہ پستول استعمال کیا تھا۔

علاوہ ازیں ملزمان بہت ہی منظم طریقے سے سلمان خان کی نگرانی اور ریکی کر رہے تھے، تقریباً 60 سے 70 افراد کا نیٹ ورک سلمان خان کی ہر لمحہ نگرانی کر رہا تھا۔

یہ نیٹ ورک سلمان خان کی ممبئی میں رہائش گاہ، پنویل میں فارم ہاؤس، فلم شوٹنگ کی جگہوں سمیت دیگر مقامات کی بھی نگرانی کرتا رہا۔

نئی چارج شیٹ کے مطابق 18 سال سے کم عمر لڑکوں کو سلمان خان کو قتل کرنے کا کام دیا گیا تھا جو مبینہ طور پر گولڈی برار اور انمول بشنوئی کے حکم کا انتظار کر رہے تھے۔

 ان دونوں افراد کے بارے میںخیال کیا جاتا ہے کہ یہ اس گینگ کے مرکزی افراد ہیں جو شمالی امریکا سے کام کر رہے تھے۔

یاد رہے کہ رواں برس 14 اپریل کو موٹرسائیکل سوار 2 افراد نے باندرہ میں سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کی تھی جس کے بعد  سے کئی افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔

تازہ ترین