وائرل اسٹوریز

راہول گاندھی کا مودی کے سامنے پیغمبرِاسلام ﷺ پر درود

راہول گاندھی کے بیان پر بی جے پی سیخ پا ہوگئی۔

Web Desk

راہول گاندھی کا مودی کے سامنے پیغمبرِاسلام ﷺ پر درود

راہول گاندھی کے بیان پر بی جے پی سیخ پا ہوگئی۔

بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے پارلیمنٹ میں تقریر کے دوران قرآن پاک کا حوالہ دیتے ہوئے پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ پر درود پڑھ دیا۔

بھارتی لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر و کانگریسی رہنما راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے انتہا پسند ہندو وزراء کی موجودگی میں اسلام کی امن پسندی اور تشدد سے نفرت کا ذکر کیا اور حضرت محمد ﷺ کا اسم مبارک لیتے ہوئے آپؐ پر درود بھیجا۔

حضور ﷺ پر درود بھیجتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ 'حضرت محمد ﷺ نے کہا کہ خدا کہتا ہے ڈرو نہیں، میں تمہارے ساتھ ہوں،تمہیں دیکھ اور سن رہا ہوں، مطلب اسلام میں بھی کہا گیا ہے کہ ڈرنا نہیں ہے'۔

راہول گاندھی نے کہا کہ تمام عظیم ہستیوں نے عدم تشدد پر زور دیا ہے اور خوف کو ختم کرنے کی بات کی۔

اپنے خطاب میں راہول گاندھی نے کہا کہ بی جے پی رہنما نفرت، خوف اور تشدد پھیلا رہے ہیں، بی جے پی کے لیڈر ہندو ہونے کا دعویٰ تو کرتے ہیں مگر ساتھ ہی نفرت پھیلاتے ہیں۔

راہول گاندھی نے لارڈ شیواجی اور گورو نانک کی تصویر بار بار لہرائی اور کہا کہ اس میں کہیں تشدد اور نفرت کا پرچار نہیں ہے۔

انہوں نے اسلامی تعلیمات پر مبنی پوسٹر بھی لہرایا جس میں ہاتھ اٹھا کر دعا مانگنے کا طریقہ واضح تھا جس پر اپوزیشن کی طرف سے اعتراض کیا گیا۔

اسپیکر لوک سبھا نے قدرے عجلت میں راہول گاندھی کو مخاطب کر کے کہا کہ ’آپ عوامی نمائندہ ہیں، اس طرح مناسب نہیں‘، جس پر راہول گاندھی نے کہا کہ میں سمجھانے سے قاصر تھا، سمجھانے کے لیے تصویر دکھائی۔

انہوں نے 2 گھنٹے کی تقریر میں بار بار مودی کو ہدف بنایا اور یاد دلایا کہ وہ نفرت اور تشدد کا سہارا لے کر سیاست کررہے ہیں۔

راہول گاندھی کے بیان پر بی جے پی سیخ پا ہوگئی اور اُن سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی نے پورے ہندو معاشرے پر تشدد کا الزام لگایا ہے۔

جواب میں راہول گاندھی نے کہا کہ نریندر مودی اور آر ایس ایس پورا ہندو سماج نہیں ہے، بی جے پی صرف خوف پھیلا رہی ہے، تشدد اور نفرت کو فروغ دے رہی ہے۔

تازہ ترین