کھیل

'غلطی ہوگئی'، شاہد آفریدی کی متنازع تصویر پر وضاحت

مجھے نہیں معلوم تھا کہ یہ کون سی تنظیم ہے، شاہد آفریدی

Web Desk

'غلطی ہوگئی'، شاہد آفریدی کی متنازع تصویر پر وضاحت

مجھے نہیں معلوم تھا کہ یہ کون سی تنظیم ہے، شاہد آفریدی

پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر شاہد آفریدی نے اپنی متنازع تصویر  کو 'غلطی' قرار دے دیا جس کی بنیاد پر انہیں 'اسرائیل کا حامی' قرار دیا جارہا تھا۔

چند روز قبل وائرل رہنے والی اِس تصویر نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کردیا تھا جس میں شاہد آفریدی کو مبینہ طور پر ایک اسرائیلی تنظیم کے احتجاج میں شریک دیکھا گیا تھا۔

حال ہی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران اس تصویر سے متعلق سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ 'صرف فلسطین نہیں، میں ہمیشہ کشمیر پر بھی آواز اٹھاتا رہا ہوں، شاید میں پاکستان کا واحد سیلبرٹی ہوں گا جو کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے بات کرتا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'میرے گھر پر 3، ساڑھے 3 سال سے کشمیر اور فلسطین کا جھنڈا لگا ہوا ہے، بس غلطی یہ ہوگئی کہ میں نے اُن کے ساتھ سیلفی لے لی، مجھے نہیں معلوم تھا کہ یہ کون سی تنظیم ہے، مجھے بعد میں پتا چلا'۔

ناقدین کی جانب سے اُن کی چیریٹی کو نشانہ بنانے پر شاہد آفریدی نے کہا کہ 'یہ بہت غلط بات ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے، اللہ نے ہمیں توفیق دی ہے تو ہم اللہ کی رضا کے لیے کام کررہے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'کبھی بھی سیاست میں ان چیزوں کو لے کر نہیں آنا چاہیے، شوکت خانم ہسپتال بھی بہت اچھا کام کررہا ہے، میرے والد صاحب کا وہاں کافی عرصہ کینسر کا علاج ہوا ہے، بہت زبردست سہولیات ہیں، والد صاحب ہمیشہ ان کو دعاؤں میں یاد رکھتے ہیں، ان چیزوں کو سیاست سے دور رکھنا چاہیے'۔

یاد رہے کہ یہ تصویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے شاہد آفریدی کو 'یہودی ایجنٹ'، 'اسرائیل کا یار' اور 'فلسطین مخالف' جیسے طرح طرح کے القابات سے نوازنا شروع کردیا، حتیٰ کے بعض صارفین نے انہیں 'غدار' بھی قرار دے دیا تھا۔

بعدازاں شاہد آفریدی نے وضاحت جاری کرتے ہوئے یہ تصویر کھچوانے کی وجہ اپنی لاعلمی کو قرار دے دیا تھا۔

تازہ ترین