انفوٹینمنٹ

بھارتی اداکار گپی گریوال کی پاکستان آمد، وجہ کیا؟

مداحوں میں جوش و خروش پھیل گیا

Web Desk

بھارتی اداکار گپی گریوال کی پاکستان آمد، وجہ کیا؟

مداحوں میں جوش و خروش پھیل گیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارتی گلوکار، اداکار، اور فلمساز گپی گریوال پاکستان پہنچ گئے۔

سوشل میڈیا پوسٹ کے مطابق بھارت سے تعلق رکھنے والے پنجابی سپر اسٹار گپی گریوال کی پاکستان آمد پر سرحد کے دونوں جانب ان کے مداحوں میں جوش و خروش پھیل گیا۔

 اطلاعات کے مطابق گلوکار کا پاکستان آنے کا مقصد یہاں اپنے قیام کے دوران ثقافتی اور پروموشنل سرگرمیوں میں حصہ لینا ہے۔

اداکار کا دورہ پاکستان نہ صرف ہندوستان اور پاکستان میں پنجاب کے درمیان مشترکہ ثقافتی ورثے کو اجاگر کرتا ہے بلکہ سرحد پار فنکارانہ تعاون میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کی بھی نشاندہی کرتا ہے۔

دوسری جانب اس خبر کے سامنے آتے ہی شائقین دونوں ممالک کی فنکارانہ برادریوں کو آپس میں جوڑنے والے نئے پروجیکٹس کے امکان کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں اور یہ خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ اداکار کا یہ دورہ ممکنہ کسی نئے  پراجیکٹ کی جانب اشارہ ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل گلوکار نے انکشاف کیا تھا کہ وہ اپنی فلم ’جنے لاہور نی ویکھیا’ کی شوٹنگ کے سلسلے میں پاکستان آئیں گے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پیغام میں اس فلم کو اپنے دل سے قریب تر قرار دیتے ہوئے بتایا تھا کہ’میرے دل کے بہت قریب ایک فلم ہے جس کے بارے میں اعلان کرتے ہوئے خوشی ہے کہ اس فلم کی شوٹنگ اگلے سال 2024 کے اوائل میں شروع کردی جائے گی۔ ’

اس حوالے سے اداکار کا مزید کہنا تھا کہ’وہ جلدہی اپنی فلم کے شوٹنگ کیلئے پاکستان آئیں گے۔’

انہوں نے  یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ’یہ فلم ایک ‘ ایک رومانوی کامیڈی فلم ہے جو جنی نامی لڑکی کی کہانی کے گرد گھومتی ہے، جسے اپنی زندگی میں کبھی بھی لاہور جیسا خوبصورت شہر دیکھنے کا موقع نہیں ملا۔’

یاد رہے کہ گپی گریوال نے اپنی اداکاری کا آغاز 2010 میں پنجابی فلم ’میل کرادے ربا‘ سے کیا تھا جو کامیاب ہوئی اس کے بعد اداکار نے کئی پنجابی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں ’کیری آن جٹا‘، ’جٹ جیمز بانڈ‘، ’لکی دی ان لکی سٹوری‘ شامل ہیں۔

تازہ ترین