وائرل اسٹوریز

مکالمہ کرنے پر لڑکی سے خلیل الرحمان کی بدتمیزی، ویڈیو وائرل

لڑکی نے خواتین کو جاہل کہنے پر ساحل عدیم سے معافی کا مطالبہ کیا تھا۔

Web Desk

مکالمہ کرنے پر لڑکی سے خلیل الرحمان کی بدتمیزی، ویڈیو وائرل

لڑکی نے خواتین کو جاہل کہنے پر ساحل عدیم سے معافی کا مطالبہ کیا تھا۔

خواتین کے حوالے سے متنازع بیانات دینے  کے لیے مشہور لکھاری خلیل الرحمان  قمر کی ایک ٹی وی شو کے دوران مکالمہ کرنے والی لڑکی سے بدتمیزی کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

نجی ٹی وی پر نشر ہونے والے شو میں ساحل عدیم اور خلیل الرحمان قمر بطور مہمان شریک ہوئے۔

شو میں شریک ازبحہ عبداللہ نامی لڑکی نے ساحل عدیم سے 95 فیصد خواتین کو جاہل کہنے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔

لڑکی کا کہنا تھا کہ آپ کی ہی بات میں اس کا جواب ہے کہ اگر خواتین جاہل ہے تو اس کا سبب یہ پدر سری معاشرہ ہے۔

جس کے جواب میں ساحل عدیم نے سوال کیا کہ آج سے پہلے آپ نے طاغوت کا لفظ سنا تھا؟ جو اسلام میں سب سے بڑا گناہ ہے۔

لڑکی نے کہا کہ یہاں خواتین کے حقوق کی بات ہورہی ہے اسلام میں گناہوں کی بات نہیں ہورہی۔

تاہم ساحل اپنی بات پر مصر رہے کہ جس کو کسی چیز کا علم نہ ہو تو اسے جاہل کہتے ہیں اور جاہل کو جاہل کہنا اسلام میں پہلا فرض ہے۔

لڑکی نے اس بات کا ریفرنس دینے کا کہا تو ساحل عدیم نے حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے جواب دیا کہ اسلام میں جاننے والا اور نہ جاننے والا برابر نہیں، ایک کی مثال اندھے اور ایک کی دیکھنے والے کی ہے اور اندھا گڑھے میں گرے گا ہی گرے گا۔

ساحل عدیم نے بات کا رخ لڑکی کی طرف موڑتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں لاہور میں بیٹھی ایک لڑکی سے پوچھا کہ اسلام کا سب سے بڑا گناہ بتادو تو وہ کہتی ہے میں نے تو پہلی دفعہ سنا ہے اسے جہالت کہتے ہیں۔

تاہم لڑکی مصر رہیں کہ آپ معافی مانگیں اور میرے سوال کا جواب دیں ، بات کا رخ کہیں اور نہ موڑیں۔

اس پر ساحل عدیم نے کہا کہ میں آپ سے اس لیے معافی مانگتا ہوں کہ میری (یہ) بچی جاہل ہے، یہ میرا قصور ہے کہ میری بچی جاہل ہے اس پر میں قوم سے معافی مانگتا ہوں کہ اس نے طاغوت کا لفظ پہلی دفعہ سنا۔

 لڑکی نے اس پر دوبارہ اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ آپ میری بات کا جواب دیں بجائے اس کے کہ آپ مجھے عربی میں آیات سنا رہے ہیں۔

اس بات پر شو میں شریک خلیل الرحمان پھٹ پڑے اور انتہائی بدتمیزی سے بات کرتے ہوئے لڑکی سے کہا کہ 'تو عربی کی آیات تمہیں تکلیف دے رہی ہیں، یہ کیا طریقہ ہے گفتگو کا؟'۔

اس پر جب لڑکی نے جواب دیا تو خلیل الرحمان نے کہا کہ 'آپ بدتمیزی مت کریں، ساتھ ہی میزبان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'چھینو اس سے مائیک'۔

مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر صارفین نے خواتین سے متعلق بات کرنے پر خاتون کو سراہا۔

جبکہ بدتمیزی سے پیش آنے پر ساحل عدیم اور خاص طور پر خلیل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

تازہ ترین