صحت

کراچی میں پُراسرار وبا کی وجہ 'زیکا وائرس' کی موجودگی قرار

2021 میں پر اسرار بخار کے متعدد کیسز سامنے آئے تھے۔

Web Desk

کراچی میں پُراسرار وبا کی وجہ 'زیکا وائرس' کی موجودگی قرار

2021 میں پر اسرار بخار کے متعدد کیسز سامنے آئے تھے۔

حمل کے دوران زیکا وائرس بچے میں پیچیدگیوں کا سبب بنتا ہے۔
حمل کے دوران زیکا وائرس بچے میں پیچیدگیوں کا سبب بنتا ہے۔

آغا خان یونیورسٹی کے  محققین نے بالآخر 2021 میں کراچی کو اپنی گرفت میں لینے والی ’ڈینگی بخار جیسی وبا‘ سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ زیکا وائرس تھا جو کراچی اور ملک کے دیگر حصوں میں پھیلا ہوا تھا۔

 آغا خان یونیورسٹی کراچی میں یونائیٹڈ ورلڈ اینٹی وائرل ریسرچ نیٹ ورک سے وابستہ تحقیق کاروں نے 2021 کی وائرل وبا پھوٹنے کے دوران زیکا وائرس کے 2 کیسز کی تشخیص کی تھی۔

پرنسپل انویسٹی گیٹر آف یو ڈبلیو اے آر این اسٹڈی ڈاکٹر نجیحہ طلعت اقبال نے بتایا کہ ان کیسز کی یونیورسٹی آف واشنگٹن سیٹل میں گیل لیب میں میٹاجینومکس کے ذریعے تصدیق ہوئی۔

نومبر 2021 میں  کراچی میں ڈینگی جیسے ’پراسرار وائرل فیور‘ کے کیسز سامنے آئے تھے جس میں مریض کے پلیٹیلیٹس اور وائٹ بلڈ سیلز کم ہو رہے تھے لیکن ڈینگی ٹیسٹ منفی آرہا تھا۔

 ان خبروں کے بعد یو ڈبلیو اے آر این نے اس سے متعلق تحقیق کا آغاز کیا اور 2021، 2022 میں زیکا وائرس کے دو سنگل اور 2 مکس انفیکشنز کی تشخیص کی اور سیرولوجی اور پی سی آر کے ذریعے ڈینگی کی تصدیق کی۔

ڈاکٹر نجیحہ اقبال نے کہا کہ محققین نے آغا خان یونی ورسٹی کے وارڈز میں موجود، او پی ڈی میں آنے والے اور ڈاکٹرز کی جانب سے ریفر کیے گئے اکیوٹ وائرل سے متاثرہ ایک سال سے 75 سال کی عمر کے مریضوں کی فہرست بنائی۔

آربو وائرس کوہورٹ میں 44 مریضوں کا اندراج کیا گیا جن میں سے 6 مریض میں شدید بخار، الٹی اور اسہال کے ساتھ این ایس ون منفی تشخیص ہوئی، یہ کیسز اگست اور نومبر 2021 کے درمیان رپورٹ کیے گئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری تحقیق کے دوران ہم نے پاکستان میں زیکا وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی جو اس سے پہلے دریافت نہیں ہوا تھا۔

زیکا وائرس کیا ہے؟

 زیکا وائرس بنیادی طور پر ایڈیس مچھروں سے پھیلتا ہے، جو زیادہ تر دن میں کاٹتے ہیں۔

زیکا وائرس کے انفیکشن والے زیادہ تر لوگوں میں علامات ظاہر نہیں ہوتیں، جن لوگوں میں عام طور پر خارش، بخار، آشوب چشم، پٹھوں اور جوڑوں کا درد، بے چینی اور سر درد جیسی علامات ظاہر ہوتی ہیں وہ  2-7 دنوں تک رہتی ہیں۔

حمل کے دوران زیکا وائرس کا انفیکشن مائیکرو سیفلی اور دیگر پیدائشی خرابیوں کے ساتھ ساتھ بچے کی قبل از وقت پیدائش اور اسقاط حمل کے ساتھ پیدا ہونے کا سبب بن سکتا ہے۔

تازہ ترین