انڈیا

ٹوٹے دانت نے بچھڑے بہن بھائی کو 18 سال بعد ملادیا

انسٹاگرام ریل نے بہن بھائیوں کی دوریاں ختم کردیں

Web Desk

ٹوٹے دانت نے بچھڑے بہن بھائی کو 18 سال بعد ملادیا

انسٹاگرام ریل نے بہن بھائیوں کی دوریاں ختم کردیں

فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا

انسٹاگرام ریل 18 سال سے بچھڑے بہن بھائیوں کو ملانے کا ذریعہ بن گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کانپور کی ایک خاتون نے محض انسٹاگرام ریل کے سبب 18 سال بعد اپنے کھوئے ہوئے بھائی کو تلاش کرلیا۔

حیران کن واقعے کے مطابق کانپور کی رہائشی خاتون کا بھائی 18 سال قبل نوکری کی تلاش میں گھر سے نکلا تھا تاہم واپس کبھی لوٹ کر نہ آسکا۔

ہاتھی پور گاؤں کی رہائشی راج کماری نامی خاتون معمول کے مطابق فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ  انسٹاگرام پر  ریلز دیکھ رہی تھی کہ اسے اپنے کی سے ملتے جلتے شخص کی ویڈیو نظر آئی۔

تاہم جس چیز نے راج کماری کی توجہ حاصل کی وہ صارف کے ٹوٹے ہوئے دانت تھے جسے دیکھ کر اسے اپنے بھائی کی جھلک یاد آگئی۔

اٹھارہ سال قبل بال گووند فتح پور کے اپنے گاؤں عنایت پور سے ممبئی میں نوکری کے لیے نکلے تھے لیکن واپس نہیں آئے۔ ممبئی پہنچنے اور نوکری ملنے کے بعد آہستہ آہستہ بال گووند نے تمام دوستوں سے رابطہ ختم کردیا۔

بعدازاں کچھ عرصے بعد گووند نے علالت کے سبب گھر جانے کا ارادہ کیا اور  ٹرین میں سوار  ہوگیا۔لیکن بدقسمتی سے وہ  ٹرین اسے کانپور کے بجائے جے پور لے گئی۔

 تھکے ہارے اور پریشان بال گووند کی ملاقات ریلوے اسٹیشن پر ایک شخص سے ہوئی، جس نے اس کی صحت بہتر ہونے پر اسے فیکٹری میں نوکری دے دی، آہستہ آہستہ گووند کی حالت بہتر ہوتی گئی اور اس نے جے پور میں زندگی بسر کرنا شروع کر دی۔

کچھ عرصے جے پور رہنے کے بعد گووندکی ملاقات  ایشور دیوی نامی لڑکی ہوئی جو محبت میں بدل گئی اور جلد اس جوڑے نے شادی کرلی۔شادی شدہ اس زندگی میں گووند کے ہاں دو بچوں کی پیدائش بھی ہوئی، اسی طرح چند سالوں میں پہلے کے نسبت سب کچھ بدل گیا لیکن گووند کے ٹوٹے ہوئے دانت جوں کے توں رہے۔

خوشحال زندگی کے ساتھ ساتھ گووند انسٹاگرام پر ریل اپلوڈ کرنے کا بھی شوق رکھا تھا، جو قسمت سے راج کماری کی انسٹا فیڈ پر نمودار ہوگئی۔

ٹوٹے ہوئی دانت سے بھائی کو پہچاننے کے بعد راج کماری نے انسٹاگرام کے ذریعےہی گووند سے رابطہ کیا اور بچپن کی نشانیوں اور دیگر معلومات بھی آپس میں شئیر کیں، جس کے بعد راجکماری کو یقین آگیا کہ یہ ان کا بھائی گووند ہے۔

رپورٹس کے مطابق  20 جون کو گووند راجکماری کی کہنے پر کانپور اپنے آبائی گاؤں چلے آئے، راجکماری کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر اچھی چیزیں نہیں آتی ہیں، مگر کچھ مرتبہ ایک عام سی ویڈیو آپ کی یادداشت کو تازہ کر دیتی ہے اور سب کچھ بدل کر رکھ دیتی ہے۔ میرا بھائی واپس آ چکا ہے، اور یہ میرے لیے سب سے بڑی خوشی کی بات ہے۔

واضح رہے کہ گووند کو ابتدائی طور پر اپنی ماضی کی بیماری کی وجہ سے اپنے خاندان کے افراد کو یاد کرتے ہوئے کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تازہ ترین