بالی ووڈ

بریسٹ کینسر کا شکار بننے والی بالی وڈ شخصیات

کئی اداکارائیں کامیاب علاج کے بعد صحت یاب ہوچکی ہیں۔

Web Desk

بریسٹ کینسر کا شکار بننے والی بالی وڈ شخصیات

کئی اداکارائیں کامیاب علاج کے بعد صحت یاب ہوچکی ہیں۔

کینسر کا شکار بن کر صحتیاب ہونے والی ادکارائیں۔
کینسر کا شکار بن کر صحتیاب ہونے والی ادکارائیں۔

بھارتی اداکارہ حنا خان نے ایک روز قبل اپنے چھاتی کے سرطان میں مبتلا ہونے کی افسوسناک خبر مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھی۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ’ زیرِ گردش افواہوں پر بات کرتے ہوئے میں اپنے مداحوں اور چاہنے والوں تک یہ خبر پہنچانا چاہتی ہوں کہ مجھ میں اسٹیج تھری بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے‘۔

جس کے بعد انڈسٹری کی متعدد سیلیبریٹریز اور  مداحوں نے ان کے لیے نیک تمناؤں اور جلد صحتیابی کی دعائیں کیں۔

حنا خان کے علاوہ بھی فلم و ٹی انڈسٹری کی کئی شخصیات بریسٹ کینسر کا شکار رہ چکی ہیں جن کا ذکر ہم ذیل میں کررہے ہیں:

ماہیما چوہدری

پردیس، دھڑکن اور لجا جیسی فلموں سے شہرت پانے والی اداکارہ ماہیما چوہدری نے سال 2022 میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کا علاج مکمل ہوچکا ہے۔

انہوں نے یہ خبر ایک جذباتی ویڈیو کے ذریعے شیئر کی جسے اداکار انوپم کھیر نے پوسٹ کیا تھا۔

ماہیما نے بتایا تھا کہ سالانہ صحت کے چیک اپ میں انہیں کینسر کا پتا چلا جس کے بعد انہیں کیموتھراپی اور باقاعدہ چیک اپ کروانا پڑا لیکن فی الحال وہ کینسر سے صحت یاب ہوچکی ہیں اور دوبارہ کام شروع کر چکی ہیں۔

ممتاز

ماضی کی معروف اداکارہ ممتاز عرف ممتاز عسکری مادھوانی کو 2002 میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، جب وہ 54 سال کی تھیں۔

اداکارہ کیمو تھراپی کے 6 اور ریڈی ایشنز کے 35 سیشنز کے بعد چھاتی کے کینسر کے خلاف لڑنے کے قابل ہوئیں۔

اپنے علاج کی تکمیل کے بعد سے وہ اپنی کینسر سے پہلے کی صحت مند حالت میں واپس آنے کے لیے ایک سخت روٹین کو فالو کرتی ہیں۔

اس وقت سے وہ چھاتی کے کینسر سے صحت یاب ہوجانے والوں کے حق میں خاصی متحرک ہیں۔

چھاوی متل

اپریل 2022 میں ادکارہ چھاوی متل نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں ابتدائی مرحلے میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔

جس کے لیے انہوں نے سرجری کروائی اور بعد میں خود کو کینسر سے صحتیاب قرار دیا۔

اپنی تشخیص سے لے کر علاج تک کے مرحلے کو انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا اور بہت سے لوگوں کے لیے تحریک بنیں۔

وہ اب بھی آگاہی پھیلانے میں خاصی متحرک ہیں اور خواتین سے ان کی عمر سے قطع نظر ابتدائی اسکریننگ اور سالانہ فالو اپ کے لیے جانے پر زور دیتی ہیں۔

طاہرہ کشیپ

سال 2018 میں ہدایت کارہ طاہرہ کشیپ میں چھاتی کے سرطان کی تشخیص ہوئی تھی۔

انہوں نے اپنی اس بیماری کو پوشیدہ رکھنے کے بجائے علاج کے سفر کی ہر تفصیل سے آگاہ کیا تا کہ دیگر خواتین کو حوصلہ مل سکے۔

ان کا علاج 2019 میں مکمل ہوا تھا اس دوران انہوں نے اپنا سر گنجا ہونے، جسم پر آنے والے زخموں کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

اس کے بعد سے وہ بریسٹ کینسر کے لیے خواتین کو معائنہ کرانے پر زور دیتی ہیں تا کہ بیماری کی جلد از جلد تشخیص ہوسکے۔

تازہ ترین