کھیل

وہاب ریاض نے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کی وجہ بتادی

وہاب ریاض نے پی سی بی کو تفصیلی رپورٹ جمع کرادی۔

Web Desk

وہاب ریاض نے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کی وجہ بتادی

وہاب ریاض نے پی سی بی کو تفصیلی رپورٹ جمع کرادی۔

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینیئر منیجر وہاب ریاض نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ایک تفصیلی رپورٹ جمع کرادی ہے جس میں آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کی وجوہات بیان کی گئیں۔

باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں وہاب ریاض نے کئی اہم عوامل پر روشنی ڈالی جنہوں نے ٹورنامنٹ سے پاکستان کے جلد باہر ہونے میں اہم کردار ادا کیا۔

مذکورہ رپورٹ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران قومی ٹیم کی میدان میں حکمت عملی اور عمل درآمد میں اہم کوتاہیوں پر زور دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وہاب ریاض نے اپنے تفصیلی تجزیے میں کہا کہ 'قومی ٹیم نے کرکٹ کھیلتے ہوئے اُس مطلوبہ مہارت کا مظاہرہ نہیں کیا جس کی توقع اس طرح کے ہائی اسٹیک ایونٹس میں کی جاتی ہے'۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے درمیان ہم آہنگی واضح طور پر کم تھی، جس کے نتیجے میں ہمارے گیم پلانز پر مؤثر طریقے سے عملدرآمد میں ناکامی ہوئی۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ رپورٹ میں ایونٹ کے دوران اہم میچز، بالخصوص روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ کے دوران قومی ٹیم کے رویے پر افسوس کا اظہار بھی کیا گیا۔

رپورٹ میں واضح طور پر کہا گیا کہ 'کھلاڑیوں میں ہم آہنگی اور عزم کا فقدان تھا، ایسا لگ رہا تھا کہ وہ جیتنے کی خواہش کھو بیٹھے ہیں، بالخصوص بھارت کے خلاف میچ میں ایسا محسوس ہوا'۔

مستقبل میں ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کے حوالے سے وہاب ریاض نے کئی تجاویز پیش کیں جن کا مقصد بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی کرکٹ کو بہتر بنانا ہے۔

ان تجاویز میں کھلاڑیوں کے لیے مزید بڑے پیمانے پر تربیتی کیمپوں کا اہتمام، مہارت اور فٹنس کو بڑھانے کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ ایونٹس میں شرکت میں اضافہ اور کھلاڑیوں کو مختلف حالات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مزید دوروں کا اہتمام کرنا شامل ہے۔

تازہ ترین