وائرل اسٹوریز

علی شیخانی نے کے الیکٹرک خریدنے پر آمادگی ظاہر کردی

پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین فلاحی کاموں کے سبب مشہور ہیں۔

Web Desk

علی شیخانی نے کے الیکٹرک خریدنے پر آمادگی ظاہر کردی

پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین فلاحی کاموں کے سبب مشہور ہیں۔

پاکستان میں بڑھ چڑھ کر سماجی کاموں میں حصہ لینے والے پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین علی شیخانی نے کراچی میں بجلی کی فراہمی کی ذمہ دار کمپنی 'کے الیکٹرک' کو خریدنے کا اعلان کردیا۔

علی شیخانی کا  نام اس وقت زبان زدِ عام ہوا جب فلاحی تنظیم جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس نے اپنے فلاحی کاموں کی ویڈیوز میں ان کا تذکرہ کرنا شروع کیا۔

علی شیخانی رمضان میں غریبوں کے سحر و افطار کے انتظامات کے علاوہ شہر کراچی میں ڈکیتوں کے ہاتھوں قتل ہوجانے والے افراد کے اہلِ خانہ کی رہائش کے انتظامات اور دیگر سماجی کاموں میں بھرپور طریقے سے حصہ لیتے نظر آتے ہیں۔

کراچی میں جاری حالیہ ہیٹ ویو کے دوران شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی طویل بندش دیکھنے میں آئی جس سے شہری بلبلا اٹھے۔

دوسری جانب بجلی غائب رہنے کے باوجود بھاری بھرکم بلوں نے بھی شہریوں کی کمر دہری کررکھی ہے۔

ایسے میں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا تھا کہ علی شیخانی جہاں اتنے فلاحی کام سر انجام دیتے ہیں وہیں بجلی کمپنی کے الیکٹرک کو خرید کر شہریوں کو راحت پہنچائیں۔

جس پر ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کے الیکٹرک خریدنے پر آمادگی کا اظہار کردیا۔

سماجی رہنما نے خصوصی ویڈیو میں بتایا کہ گزشتہ 4 روز سے سوشل میڈیا پر ٓپاکستانیوں کی جانب سے انہیں اور ان کی کمپنیوں کو ٹیگ کر کر کے الیکٹرک خریدنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے ظفر عباس سے بات کی ہے کہ معلومات کریں کے الیکٹرک کو خریدنے کا کیا طریقہ ہے، اس کے لیے کہاں ٹینڈر دیا جائے گا۔

بزنس مین نے بتایا کہ کسی کو رشوت دیے بغیر ہم اسے خریدنے کے لیے تیار ہیں تا کہ میرے شہر کے لوگوں پر ظلم نہ ہو۔

علی شیخانی کا کہنا تھا کہ معمولی آمدن رکھنے والوں کے بجلی کے بلز لاکھوں میں آتے ہیں، اس عذاب سے نکالنے کے لیے میں پوری کوشش کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر شیخانی گروپ کے الیکٹرک خرید لے گا تو مجھے پیسہ بنانے کی ضرورت نہیں، میرے پاس اللہ کا دیا سب کچھ ہے میری کوشش ہوگی کہ غریب اور متوسط طبقے کو زیادہ سے زیادہ سپورٹ کرسکوں۔

تازہ ترین