عالمی منظر

مالدیپ، صدر پر کالا جادو کرنے کے الزام میں وزیر گرفتار

خاتون وزیر سمیت 7 افراد کو جادو ٹونے کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔

Web Desk

مالدیپ، صدر پر کالا جادو کرنے کے الزام میں وزیر گرفتار

خاتون وزیر سمیت 7 افراد کو جادو ٹونے کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔

محمد معیزو گزشتہ برس مالدیپ کے صدر بنے تھے۔
محمد معیزو گزشتہ برس مالدیپ کے صدر بنے تھے۔

مالدیپ کی وزیر ماحولیات فاطمہ شمناز علی سلیم کو صدر محمد معیزو پر 'کالا جادو' کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شمناز کے ساتھ صدر کے دفتر میں بطور وزیر خدمات انجام دینے والے ان کے سابق شوہر آدم رمیز اور دو دیگر افراد کو بھی معیزو کے قریب ہونے کے لیے جادو ٹونے کے استعمال کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

یہ واقعہ 23 جون کو سامنے آیا تھا، جس کے بعد چاروں ملزمان کو 7 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔

مقامی میڈیا کے مطابق بدھ کے روز شمناز کو وزارت ماحولیات میں وزیر مملکت کے عہدے سے معطل کر دیا گیا تھا۔

چیف پولیس ترجمان اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس احمد شفان نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں۔

شمناز اور ان کے ملزم سابق شوہر دونوں اس سے قبل صدر معیزو کے ساتھ میل سٹی کونسل کے ممبر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں جب وہ شہر کے میئر تھے۔

گزشتہ سال معیزو کے مالدیپ کی صدارت سنبھالنے کے بعد شمناز نے کونسل سے استعفیٰ دے دیا اور صدر کی سرکاری رہائش گاہ ملیاج میں وزیر مملکت کے طور پر مقرر ہوئیں، بعد میں ان کا تبادلہ وزارت ماحولیات میں کر دیا گیا۔

دوسری جانب ان کے سابق شوہر رمیز بھی صدر کے قریبی ساتھی کے طور پر جانے جاتے تھے تاہم مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ پانچ ماہ سے عوام کی نظروں سے غائب تھے۔

مالدیپ کی حکومت اور صدر کے دفتر نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی سرکاری بیان نہیں دیا ہے۔

تازہ ترین