کھیل

پاکستان ٹیم کی توجہ ورلڈکپ سے زیادہ کہاں رہی؟

'2 ہزار ڈالرز بھی مل گئے تو شاپنگ ہوجائے گی'

Web Desk

پاکستان ٹیم کی توجہ ورلڈکپ سے زیادہ کہاں رہی؟

'2 ہزار ڈالرز بھی مل گئے تو شاپنگ ہوجائے گی'

اسکرین گریب
اسکرین گریب

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں جہاں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی نے شائقین اور کرکٹ ایکسپرٹس کو حیران کیا وہاں ’ڈسپلن‘ کے معاملے میں بھی حیران کن انکشافات سامنے آئے ہیں۔

امریکا کے خلاف ٹورنامنٹ کے پہلے میچ سے قبل قومی ٹیم ڈیلس پہنچی تو یکم جون کو کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے شام 6 سے رات 10 بجے کے دوران اسلامک سینٹر کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی۔

پروموٹر شکاری کے مطابق اگلے ہی روز شام 5 سے10 بجے کے دوران کپتان بابر اعظم، شاہین آفریدی، مینجر وہاب ریاض، نسیم شاہ اور حارث روف کو ’نائٹ ود اسٹار‘ پروگرام میں شرکت کرنا تھی، البتہ دو وجوہات کے سبب پروگرام منسوخ کرنا پڑا، ایک وجہ بابر اعظم اور دیگر کھلاڑیوں کے درمیان معاوضے میں فرق کے باعث اختلافات بنی جبکہ دوسری وجہ شاہین آفریدی اور بابر اعظم کی بیک وقت پروگرام میں شرکت پر رضامندی نہ ہونا تھی۔

2 جون کی ہی رات 11 بج کر 30 منٹ سے 1 بجے کے دوران پارٹیز کے لیے مشہور ’CAVALLI ریسٹورنٹ‘ میں قومی ٹیم کے 5 کھلاڑیوں عماد وسیم، محمد عامر، حارث رؤف ، شاداب خان اور عثمان خان نے ایک پروگرام میں شرکت کی۔

پروموٹر ’شکاری‘ کے مطابق اس پروگرام میں شرکت کے لیے کھلاڑیوں کو دو سے ڈھائی ہزار ڈالرز ادا کیے گئے اور آرگنائزر نے اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے آنے والوں سے 25 ڈالرز فی کس لیے، جب یہ بات پاکستانی میڈیا میں موضوع بحث بنی، تو کھلاڑیوں نے پروموٹر شکاری سے کہا کہ اب بات پھیل گئی ہے، پروگرام باہر کے بجائے کسی کے گھر پر رکھا جائے، اگر 4 کھلاڑیوں کو 2 ہزار ڈالرز تک بھی مل گئے، تو شاپنگ کے پیسے نکل جائیں گے۔

ڈیلس میں پاکستان ٹیم کو امریکا کے ساتھ 6 جون کو صبح 10 بج کر 30 منٹ پر میچ کھیلنا تھا، البتہ کھلاڑی دیر رات تک ہوٹل سے باہر دکھائی دیتے رہے، قومی ٹیم کے ہمراہ دو مینجرز تھے، البتہ کرفیو ٹائم کے حوالے سے کوئی پابندی نہیں تھی۔

عینی شاہد کے مطابق امریکا کے میچ سے ایک رات قبل تین کھلاڑی رات دو بجے تک ہوٹل سے باہر ریسٹورنٹ میں تھے، ڈیلس میں موجود پاکستانیوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹیم ٹولیوں میں بٹی ہوئی تھی۔

پروموٹر ’شکاری‘ کے مطابق اسے ٹیم کے اہم کھلاڑی نے بتایا کہ ٹیم میں تین گروپس ہیں اور یہ کھلاڑی آپس میں گفتگو بھی نہیں کرتے، ان تمام صورتِ حال پر جب پی سی بی کے مینجر منصور رانا سے رابطہ کیا گیا، تو انہوں نے بتایا ڈیلس میں دو فنکشن کے علاوہ امریکا میں کوئی پروگرام نہیں ہوا، جہاں کھلاڑیوں نے شرکت کی ہو۔

دوسری جانب انہوں نے بتایا اگر کھلاڑی رات ہوٹل سے باہر گئے، تو انہوں نے مجھے اور سیکیورٹی کو آگاہ کیا تھا، میڈیا مینجر سے تمام صورتِ حال پر بورڈ کا مؤقف معلوم کیا گیا، تو ان کا کہنا تھا کہ ڈیلس میں جن دو ایونٹس میں کھلاڑی گئے، اس کی اجازت سینئر مینجر وہاب ریاض نے دی تھی، البتہ اس کے علاوہ تمام پروگرام منسوخ کر دیے گئے تھے۔

اس سوال پر کہ کھلاڑیوں کے لیے کوئی کرفیو ٹائم دیکھنے کو نہیں ملا؟ جواب میں کہا گیا کہ جو کھلاڑی بھی ہوٹل سے باہر گیا، اس نے اجازت لی۔

تازہ ترین