پاکستان

پی ٹی آئی کی کور کمیٹی میں شیر افضل مروت کی واپسی؟

علیمہ خان نے اہم بیان جاری کردیا۔

Web Desk

پی ٹی آئی کی کور کمیٹی میں شیر افضل مروت کی واپسی؟

علیمہ خان نے اہم بیان جاری کردیا۔

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے پارٹی رہنما شیر افضل مروت کو کور کمیٹی میں بحال کیے جانے کی خبروں کی تردید کردی۔

شیر افضل مروت نے اپنے جوشیلے انداز اور دبنگ بیانات کے سبب بہت ہی کم عرصے میں بےپناہ مقبولیت حاصل کی اور پارٹی کے اہم لیڈر کے طور پر سامنے آئے۔

تاہم کچھ عرصے سے شیر افضل مروت کو اپنے بعض بیانات کی وجہ سے پارٹی کے اندر سے تنقید کا سامنا ہے اور انہیں حال ہی میں پارٹی عہدوں سے بھی فارغ کردیا گیا تھا۔

حال ہی میں یہ اطلاعات زیرگردش تھیں کہ عمران خان نے شیر افضل مروت کو پارٹی کی کور کمیٹی میں بحال کرنے کی ہدایت جاری کی ہے، تاہم علیمہ خان نے ان اطلاعات کو مسترد کردیا ہے۔

علیمہ خان نے لکھا کہ 'عمران خان اپنے خاندان کے ذریعے جو بھی پیغام لوگوں تک پہچانا چاہتے ہیں، میں اُسے ہمیشہ میڈیا پر یا بعض اوقات اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر شیئر کرتی ہوں'۔

(اسکرین شاٹ/ایکس)
(اسکرین شاٹ/ایکس)

انہوں نے لکھا کہ 'عمران خان کا ایک تازہ پیغام زیرِگردش ہے کہ انہوں نے اپنی پارٹی کو میرے ذریعے ہدایت کی ہے کہ شیر افضل مروت کو کور کمیٹی میں بحال کیا جائے، یہ سراسر جھوٹ ہے'۔

علیمہ خان نے واضح کیا کہ 'اگر عمران خان کو پارٹی کے معاملات سے متعلق ہدایات دینی ہوں تو وہ ہمیشہ پارٹی عہدیداروں کو براہ راست بتا دیتے ہیں جب وہ اڈیالہ جیل میں اُن سے ملنے جاتے ہیں'۔

واضح رہے کہ رواں برس 9 مئی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان نے شیر افضل مروت کو کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی سے نکالنےکا حکم دے دیا تھا۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’عمران خان صاحب نے براہ راست یہ حکم جاری کیا ہے کہ شیر افضل مروت کو پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی اور پولیٹیکل کمیٹی سے فی الفور علیحدہ کیا جائے‘۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ بانی پی ٹی آئی شیر افضل مروت کے غیر ذمہ دارانہ رویے سے ناراض ہیں اور انہوں نے جیل میں ان سے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد شیر افضل مروت بانی پی ٹی آئی سے بغیر ملاقات جیل سے واپس چلے گئے تھے‘۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شیر افضل مروت کا دوست ممالک سے متعلق بیان اور خواجہ آصف سے ملاقات ناراضی کی وجہ بنی، چیئرمین پی اے سی کے لیے ان کا نام بھی غیر ذمہ دارانہ رویے کی بنیاد پر واپس لیا گیا۔

تازہ ترین