سوشل میڈیا

شاہد آفریدی کی متنازع تصویر پر وضاحت

شاہد آفریدی نے کہا انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کی گئی ہر چیز پر یقین نہ کریں۔

Web Desk

شاہد آفریدی کی متنازع تصویر پر وضاحت

شاہد آفریدی نے کہا انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کی گئی ہر چیز پر یقین نہ کریں۔

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر شاہد آفریدی نے اپنی متنازع تصویر پر وضاحت جاری کردی ہے جس کی بنیاد پر انہیں 'اسرائیل کا حامی' قرار دیا جارہا تھا۔

آج سارا دن وائرل رہنے والی اِس تصویر نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کردیا تھا جس میں شاہد آفریدی کو مبینہ طور پر ایک اسرائیلی تنظیم کے احتجاج میں شریک دیکھا گیا۔

صارفین کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا تھا کہ شاہد آفریدی نے مانچسٹر میں یہودی تنظیم 'نارتھ ویسٹ فرینڈز آف اسرائیل' کے عہدیداران کے ساتھ اس احتجاج میں شامل ہو کر تصویر کھنچوائی جو کہ حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے اسرائیلیوں کی رہائی کیلئے آرگنائز کیا گیا تھا۔

یہ تصویر 'نارتھ ویسٹ فرینڈز آف اسرائیل' کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے پوسٹ کی گئی تھی جس کے کیپشن میں لکھا گیا کہ 'پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی نے مانچسٹر میں اتوار کو اسرائیلی یرغمالیوں کی بازیابی کے لیے ہماری احتجاج میں شرکت کی اور حمایت کا اظہار کیا'۔

پوسٹ میں مزید بتایا گیا کہ 'تصویر میں شاہد آفریدی کے ساتھ تنظیم کے شریک چیئرپرسن رافی بلوم اور ڈپٹی چیئرپرسن برنی یاف کھڑے ہیں'۔

اسرائیلی تنظیم کے آفیشل اکاؤنٹ سے کی گئی اِس پوسٹ میں شاہد آفریدی کو ٹیگ کرکے اُن کی 'مبینہ حمایت' کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔

یہ تصویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے شاہد آفریدی کو 'یہودی ایجنٹ'، 'اسرائیل کا یار' اور 'فلسطین مخالف' جیسے طرح طرح کے القابات سے نوازنا شروع کردیا، حتیٰ کے بعض صارفین نے انہیں 'غدار' بھی قرار دے دیا۔

تاہم شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر اپنی ایک تازہ پوسٹ میں اِس متنازع تصویر کی حقیقت بیان کردی ہے۔

(اسکرین شاٹ: ایکس)
(اسکرین شاٹ: ایکس)

شاہد آفریدی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ 'تصور کریں کہ آپ مانچسٹر (برطانیہ) میں ایک سڑک پر ٹہل رہے ہوں، اس دوران آپ کے فین ہونے کے دعویدار کچھ لوگ نمودار ہوں اور آپ کے ساتھ سیلفی لینے کی فرمائش کریں، آپ اُن کی درخواست قبول کرکے تصویر کھچوالیں اور چند لمحوں بعد وہ اِس تصویر کو صیہونیوں کے کسی مؤقف کی توثیق کے طور پر پوسٹ کردیں'۔

انہوں نے لکھا کہ 'یہ سب انتہائی ناقابل یقین ہے، براہ کرم انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کی گئی ہر چیز پر یقین نہ کریں، فلسطین میں معصوم جانوں کو اذیت میں مبتلا دیکھ کر میرا دل دہل جاتا ہے'۔

شاہد آفریدی نے واضح کیا گیا کہ 'مانچسٹر میں کھینچی گئی کوئی بھی تصویر کسی بھی ایسے معاملے میں میری حمایت کی عکاسی نہیں کرتی جس میں انسانی جانیں خطرے میں ہوں'۔

انہوں نے بتایا کہ 'میں پوری دنیا میں شائقین کے ساتھ تصویریں کھینچتا ہوں، یہاں بھی ایسا ہی ہوا تھا'۔ 

پوسٹ کے اختتام میں شاہد آفریدی نے لکھا کہ 'میں امن کے لیے دعاگو ہوں، میں اس جنگ کے خاتمے کی دعا کرتا ہوں، میں آزادی کے لیے دعاگو ہوں'۔

تازہ ترین