سوشل میڈیا

شاہد آفریدی کی اسرائیل کی حمایت، حقیقت کیا؟

اسرائیلی تنظیم نے 'مبینہ حمایت' پر شکریہ بھی ادا کیا۔

Web Desk

شاہد آفریدی کی اسرائیل کی حمایت، حقیقت کیا؟

اسرائیلی تنظیم نے 'مبینہ حمایت' پر شکریہ بھی ادا کیا۔

(فوٹو: ایکس)
(فوٹو: ایکس)

پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر شاہد آفریدی کی ایک تصویر نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کردیا جس کی بنیاد پر شاہد آفریدی پر 'اسرائیل کا حامی' ہونے کا الزام عائد کیا جارہا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل تصویر میں شاہد آفریدی کو مبینہ طور پر ایک اسرائیلی تنظیم کے احتجاج میں شریک دیکھا جاسکتا ہے۔

صارفین کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ شاہد آفریدی نے مانچسٹر میں یہودی تنظیم 'نارتھ ویسٹ فرینڈز آف اسرائیل' کے عہدیداران کے ساتھ اس احتجاج میں شامل ہو کر تصویر کھنچوائی جو کہ حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے اسرائیلیوں کی رہائی کیلئے آرگنائز کیا گیا تھا۔

یہ تصویر 'نارتھ ویسٹ فرینڈز آف اسرائیل' کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے پوسٹ کی گئی ہے۔

(اسکرین شاٹ: ایکس)
(اسکرین شاٹ: ایکس)

پوسٹ میں لکھا گیا کہ 'پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی نے مانچسٹر میں اتوار کو اسرائیلی یرغمالیوں کی بازیابی کے لیے ہماری احتجاج میں شرکت کی اور حمایت کا اظہار کیا'۔

پوسٹ میں مزید بتایا گیا کہ 'تصویر میں شاہد آفریدی کے ساتھ تنظیم کے شریک چیئرپرسن رافی بلوم اور ڈپٹی چیئرپرسن برنی یاف کھڑے ہیں'۔

اسرائیلی تنظیم کے آفیشل اکاؤنٹ سے کی گئی اِس پوسٹ میں شاہد آفریدی کو ٹیگ کرکے اُن کی 'مبینہ حمایت' کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔

یہ تصویر سامنے آنے کے بعد صارفین نے سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی برپا کردیا اور شاہد آفریدی پر تنقید کے نشتر چلا دیے۔

کئی صارفین نے شاہد آفریدی کو 'یہودی ایجنٹ'، 'اسرائیل کا یار' اور 'فلسطین مخالف' جیسے طرح طرح کے القابات سے نوازنا شروع کردیا، حتیٰ کے بعض صارفین نے انہیں 'غدار' بھی قرار دے دیا۔

اس تصویر پر شاہد آفریدی کی جانب سے تاحال کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی ہے تاہم سینیئر صحافی ارفع فیروز ذکی نے اس تصویر کی حقیقت بیان کردی۔

ارفع فیروز ذکی نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ 'حقائق درست کرلیں، شاہد آفریدی سے یہ سیلفی راہ چلتے مانگی گئی تھی اور وہ اس بات سے لاعلم تھے کہ وہاں یہودی کمیونٹی کی جانب سے احتجاج کیا جارہا تھا، یہودی تنظیم کی پوسٹ کا کیپشن بےبنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے'۔

(اسکرین شاٹ: ایکس)
(اسکرین شاٹ: ایکس)

دیگر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی نشاندہی کی جارہی ہے کہ شاہد آفریدی 2 ہفتے قبل مانچسٹر گئے تھے جہاں راہ چلتے مختلف لوگوں نے ان کے ساتھ تصویریں کھنچوائیں۔

تازہ ترین