کھیل

بابر اعظم کو شاہین کی کپتانی کی حمایت کرنی چاہیے تھی، شاہد آفریدی

شاہد آفریدی نے کہا کہ یہ مکمل طور پر بابر کی غلطی نہیں ہے۔

Web Desk

بابر اعظم کو شاہین کی کپتانی کی حمایت کرنی چاہیے تھی، شاہد آفریدی

شاہد آفریدی نے کہا کہ یہ مکمل طور پر بابر کی غلطی نہیں ہے۔

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

پاکستان کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024 سے باہر ہونے اور کپتانی کی بحث دوبارہ چھڑنے کے بعد سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب شاہین آفریدی کو گرین شرٹس کا ٹی ٹوئنٹی کپتان نامزد کیا گیا تھا تو بابر اعظم کو شاہین آفریدی کی کپتانی کی حمایت کرنی چاہیے تھی۔

اپنے یوٹیوب چینل پر ٹیم کی کپتانی میں تبدیلی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ’اگر شاہین کی کپتانی کا فیصلہ ہو چکا تھا اور پی سی بی نے کہہ دیا تھا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک کپتان رہیں گے تو میرے خیال میں بابر اعظم کو وہاں شاہین کا ساتھ دینا چاہیے تھا اور کہنا چاہیے تھا کہ نہیں اگر آپ نے شاہین کو کپتان بنایا ہے تو پھر ہم ان کی کپتانی میں کھیلنے کے لیے تیار ہیں کیونکہ شاہین کافی عرصے سے میرے ساتھ کھیل رہے ہیں'۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ 'بابر اعظم کو کہنا چاہیے تھا کہ اگر شاہین آفریدی کو کپتان بنایا گیا ہے اور سلیکشن کمیٹی نے انہیں کپتان مقرر کردیا ہے تو ہاں میں ان کی حمایت کروں گا اور ان کی کپتانی میں کھیلوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ وہ مؤقف ہے جو بابر کو اُس وقت لینا چاہیے تھا، اِس سے بابر کی عزت مزید بڑھ جاتی'۔

شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ 'یہ مکمل طور پر بابر کی غلطی نہیں ہے کیونکہ کچھ قصور سلیکشن کمیٹی پر بھی ہے کیونکہ کچھ سلیکٹرز یہ بات آن ریکارڈ کہہ چکے ہیں کہ بابر کو کپتانی کرنا نہیں آتی'۔

انہوں نے کہا کہ بابر کو دوسری مرتبہ کپتانی لینے کے فیصلے پر نظر ڈالنی چاہیے تھی اور کپتانی نہیں لینی چاہیے تھی۔

اُن کا کہنا تھا کہ بابر اعظم جیسے مستقل پرفارمر پاکستانی میں بہت کم آئے ہیں، کپتانی چھوڑ کر بابر کرکٹ کو زیادہ انجوائے کرتا۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ بابر اعظم بطور بلے باز اچھی پرفارمنس دے رہے ہیں، بابر اعظم کو ویرات کوہلی کی طرح میچ ونر بننا چاہیے۔

کپتان کی سیلیکشن سے متعلق شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ محمد رضوان کپتانی کے لیے اچھا انتخاب تھے۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم پریزنٹیشن میں کہتے ہیں باؤلرز نے اچھی باؤلنگ نہیں کی، یہ بلیم گیم نہیں ہونا چاہیے، ایک یونٹ کے طور پر بابر کو لیڈ کرنا چاہیے تھا۔

تازہ ترین