کھیل

پاکستانی ٹیم ورلڈکپ سے کیوں باہر ہوئی؟ سابق کرکٹرز نے بتادیا

پاکستانی ٹیم آخری گروپ میچ اتوار کو آئر لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

Web Desk

پاکستانی ٹیم ورلڈکپ سے کیوں باہر ہوئی؟ سابق کرکٹرز نے بتادیا

پاکستانی ٹیم آخری گروپ میچ اتوار کو آئر لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ سے پاکستانی ٹیم کے باہر ہونے کے بعد سابق کرکٹرز نے ان خامیوں کی نشاندہی کی ہے جو قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کا سبب بنیں۔

گزشتہ روز ٹی20 ورلڈ کپ میں امریکا اور آئرلینڈ کے درمیان میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا جس کے بعد پاکستان ورلڈکپ سے باہر ہو گیا اور امریکا نے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

قومی ٹیم کے ورلڈکپ سے باہر ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق کرکٹر محمد حفیظ نے کہا کہ 'پاکستانی کرکٹ ٹیم کا المیہ یہ ہے کہ اعلیٰ عہدوں پر فائز شخصیات کامیابیوں کا کریڈٹ تو لیتی ہیں لیکن کوئی ذمہ داری نہیں لیتیں'۔

(اسکرین شاٹ: ایکس)
(اسکرین شاٹ: ایکس)

سابق کرکٹر ثقلین مشتاق نے بھی اِس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کو سپر 8 کی دوڑ سے باہر ہوتے دیکھنا انتہائی افسوسناک اور شرمناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں کوئی بھی قدم اٹھانے یا فیصلہ لینے سے پہلے پاکستان کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے، ہم سب کو انفرادی و اجتماعی طور پر اپنی غلطیوں پر غور کرنا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ ہم سے کس قسم کی کوتاہیاں ہوئیں، میں پھر کہوں گا کہ یہ سب انتہائی باعثِ افسوس اور پریشان کن ہے۔

(اسکرین شاٹ: ایکس)
(اسکرین شاٹ: ایکس)

سابق کرکٹر احمد شہزاد نے قومی ٹیم کے ورلڈکپ سے باہر ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ 'مستحق ٹیم سپر 8 راؤنڈ میں پہنچ گئی، اگر آپ اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے آئرلینڈ کی فتح پر انحصار کر رہے تھے تو آپ واقعی آگے جانے کے اہل نہیں ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ یہ ہرگز مت سوچیں کہ 'قدرت کا نظام' ان لوگوں کی بھی مدد کرے گا جو اِس کے لائق ہی نہیں ہیں اور نہ بہتری لانے کے لیے تیار ہیں، اب سب کی نظریں چیئرمین پی سی بی پر ہیں۔

(اسکرین شاٹ: ایکس)
(اسکرین شاٹ: ایکس)

واضح رہے کہ پاکستان نے ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ امریکا کے خلاف کھیلا تھا، نووارد ٹیم نے دلچسپ مقابلے کے بعد سپر اوور میں تجربہ کار پاکستانی ٹیم کو شکست دے دی تھی۔

اگلے میچ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان کو صرف 120 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن پاکستانی بیٹنگ لائن یہ ہدف بھی حاصل نہ کر سکی اور شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

گروپ اسٹیج میں پاکستان نے اپنا واحد میچ کینیڈا کے خلاف جیتا تھا، بابر اعظم کی قیادت میں پاکستانی ٹیم کا آخری گروپ میچ اتوار کو آئر لینڈ کے خلاف کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین