دلچسپ و خاص

رئیس شوہر کو طلاق مہنگی پڑگئی، سابقہ اہلیہ کو 1 ارب ڈالر ادا کرنے کا حکم

عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ ایک معقول فیصلہ ہے۔

Web Desk

رئیس شوہر کو طلاق مہنگی پڑگئی، سابقہ اہلیہ کو 1 ارب ڈالر ادا کرنے کا حکم

عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ ایک معقول فیصلہ ہے۔

(فوٹو: سوشل میڈیا)
(فوٹو: سوشل میڈیا)

جنوبی کوریا کے ارب پتی شہری چے ٹائیوون کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ طلاق کے تصفیے کی مد میں اپنی سابق اہلیہ کو 1.38 ٹریلین وون (ایک ارب ڈالر) نقد ادا کریں جسے ملکی تاریخ میں طلاق کا مہنگا ترین تصفیہ قرار دیا جارہا ہے۔

غیرملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سیول ہائی کورٹ نے ملک کے بڑے بزنس گروپ 'ایس کے گروپ' کے چیئرمین کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنی سابق اہلیہ روہ سو ینگ کو تصفیے کی مد میں یہ رقم ادا کریں جوکہ سابق صدر روہ تائی وو کی بیٹی ہیں۔

یہ فیصلہ اُن کی علیحدگی کے ایک دہائی بعد آیا ہے، چے ٹائیوون کے کسی دوسری عورت کے ساتھ غیر ازدواجی تعلقات کی وجہ سے ان دونوں کی علیحدگی ہوگئی تھی۔

چے ٹائیوون نے 1988 میں روہ سو ینگ سے شادی کی اور 35 سال تک شادی کے بندھن میں بندھے رہے، بعدازا ں روہ سوینگ کو پتا چلا کہ چے ٹائیوون کے کسی دوسری عورت کے ساتھ بھی تعلقات ہیں اور اس سے ان کا ایک بچہ بھی ہے۔

عدالت نے کہا کہ روہ سو ینگ کے سابق شوہر کے شیئرز کو ان دونوں کی مشترکہ پراپرٹی سمجھا جائے اور اس اعتبار سے روہ سوینگ اپنے سابق شوہر کی پراپرٹی میں حصے کی حقدار ہیں۔

عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ یہ ایک معقول فیصلہ ہے کیونکہ ایک بیوی کی حیثیت سے روہ سوینگ نے 'ایس کے گروپ' اور چے ٹائیوون کی دیگر کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

عدالت نے کہا کہ اس تصفیہ میں سابق شوہر کے غیر ازدواجی تعلقات کی وجہ سے روہ سوینگ کو ہونے والی جذباتی تکلیف کو مدنظر رکھا گیا ہے، چے ٹائیوون نے مقدمے کے دوران اپنی غلطی پر پچھتاوے کے کوئی آثار ظاہر نہیں کیے۔

تخمینے کے مطابق اس تصفیے کے تحت روہ سوینگ اپنے سابق شوہر کی تقریباً 35 فیصد جائیداد کی مالک بن جائیں گی۔

تازہ ترین