پاکستان

'پاکستان کا نام شریفستان رکھ دیں‘، ڈار کا نائب وزیراعظم تقرر تنقید کی زد میں

نواز شریف کو شہنشاہ، شہباز شریف کو بادشاہ، مریم کو ملکہ بھی بنا دیں

Web Desk

'پاکستان کا نام شریفستان رکھ دیں‘، ڈار کا نائب وزیراعظم تقرر تنقید کی زد میں

نواز شریف کو شہنشاہ، شہباز شریف کو بادشاہ، مریم کو ملکہ بھی بنا دیں

اسحاق ڈار ہمیشہ اہم عہدوں پر تقعینات رہے پیں۔
اسحاق ڈار ہمیشہ اہم عہدوں پر تقعینات رہے پیں۔

سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے سمدھی اسحاق ڈار کو وزیر خارجہ کے ساتھ ساتھ ملک کا چوتھا نائب وزیراعظم بھی مقرر کردیا گیا ہے۔

اس ضمن میں کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق ’وزیر اعظم نے وفاقی وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کو فوری طور پر تا حکم ثانی نائب وزیر اعظم مقرر کر دیا ہے۔‘

اسحاق ڈار 4 مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہو چکے ہیں جبکہ وہ متعدد بار سینیٹ کے رکن بھی رہے۔

وہ 2008 میں مختصر مدت کے لیے وزیر خزانہ کے عہدے پر رہے اور 2013 میں مسلم لیگ ن کی حکومت آنے کے بعد وزیر خزانہ کے لیے انہی کا نام سامنے آیا۔

اس کے بعد 2022 میں عمران خان کی وزارت عظمٰی سے بے دخلی کے نتیجے میں بننے والی حکومت  میں مفتاح اسماعیل کو ہٹا کر ایک مرتبہ پھر اسحاق ڈار کو معیشت کا پہیہ چلانے کی ذمہ داری دی گئی۔

تاہم مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں ہمیشہ اہم ترین عہدوں پر رہنے والے اسحاق ڈار کا بطور نائب وزیراعظم تقرر تنقید کی زد میں ہے۔

سابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ (یہ تقرر) شہباز شریف کے خلاف ان کی جماعت اور خاندان کے عدم اعتماد کا مظہر ہے۔

اسکرین گریب/ ایکس
اسکرین گریب/ ایکس

سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھائی وزیر اعظم ، صاحبزادی وزیر اعلی اور اَب سمدھی صاحب ڈپٹی وزیر اعظم ۔

اسکرین گریب/ ایکس
اسکرین گریب/ ایکس

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا پوری پارٹی میں کوئی اور شخص کسی بھی انتظامی عہدے کے لئیے اہل نہیں؟ کیا اُس کا حکمران خاندان سے ہونا ہی واحد شرط ہے؟

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سابق مشیر خزانہ مزمل اسلم نے متعدد ٹوئٹس میں اسحاق ڈار کی تعیناتی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

اسکرین گریب/ ایکس
اسکرین گریب/ ایکس

ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ٹرانسفر پوسٹنگ سے شہباز شریف کے اختیارات چھین لیے گئے، شہباز شریف کو پی ایم ایل این کے صدر کے عہدے سے ہٹا دیا جائے گا، اب اسحاق ڈار نائب وزیر اعظم مقرر، شہباز شریف کے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟

ان کے علاوہ خیبرپختونخوا کے سابق صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا نے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ اگر اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیر اعظم بنانا ہے تو میری تجویز ہے کہ نواز شریف کو شہنشاہ، شہباز شریف کو بادشاہ، مریم کو ملکہ بھی بنا دیں اور پاکستان کا نام شريفستان بنا دیں!

اسکرین گریب/ ایکس
اسکرین گریب/ ایکس


تازہ ترین