لائف اسٹائل

میٹریس بہت ضروری ہے

Share: Next Story >>>

میٹرس (گدا) باقاعدگی سے تو تبدیل نہیں کیا جاتا۔ تاہم جب اس کی حالت میں تبدیلی آنے لگے یا اسے خریدے ہوئے کم سے کم آٹھ سال ہوگئے ہوں تو سمجھ لیں کہ اب وقت آگیا ہے کہ اسے تبدیل کرلیا جائے۔ یہ بھی بتاتے چلیں کہ کئی کمپنیاں ایسی ہیں، جن کے میٹرس آٹھ سال کے بعد بھی نرم اور آرام دہ ہوتے ہیں۔ اگر خواتین چاہیں تو آٹھ سال کے بعد بھی اس کا استعمال جاری رکھ سکتی ہیں لیکن اگر کسی وجہ سے وہ گدا تبدیل کرنا چاہتی ہیں تو انہیں مندرجہ ذیل باتوں کا خیال رکھنا چاہئے۔

یہ بات سب ہی جانتے ہیں کہ پر سکون نیند کے لئے میٹرس کا ٹھیک ہونا یعنی آرام دہ ہونا بہت ضروری ہیں۔ بہت سی خواتین کو اس بات کا بھی پتا نہیں ہوتا کہ مارکیٹ میں کئی طرح کے گدے بآسانی دستیاب ہیں، ان گدوں کو آرام دہ، جسم کے وزن اور سائز کو مدنظر رکھتے ہوئے پسند کیا جا سکتا ہے اور خریدا جاسکتا ہے۔ ایسی خواتین جنہیں کمر یا ہڈیوں میں درد کی شکایت رہتی ہے، وہ اگر چاہیں توخاص قسم کا ’’آرتھو‘‘ خصوصیات والا گدا پسند کرسکتی ہیں۔ یہ خاص طور پر ایسے لوگوں کو مد نظر رکھتے ہوئے بنایا جاتاہے، جنہیں ہڈیوں میں مستقل دردکا مسئلہ رہتا ہو۔ اس میٹرس کواستعمال کرنے کی وجہ سے جسم کے کسی ایک حصے پر سارا پریشر یا بوجھ نہیں پڑتا۔ اس کے علاوہ مارکیٹ میں جیل، فوم اور تھراپی کے نام سے بھی میٹرس دستیاب ہیں۔

آرتھو والے میٹرس کی قیمت15 سے20 ہزار کے درمیان رکھی گئی ہے، جبکہ جیل والے گدے 12سے15ہزار میں بآسانی دستیاب ہیں۔ سب سے سستا گدا فوم والا ہوتاہے، جو عموماً سخت ہوتا ہے۔ اس کی کم سے کم قیمت 6 ہزار روپے سے شروع ہوتی ہے۔ یہاں یہ بات بھی قابل غور ہے کہ سنگل بیڈ کے گدے قیمت میں کم ہوتے ہیں،گدے کے سائز کے حساب سے بیڈ کی قیمت رکھی جاتی ہے۔ سنگل، ڈبل اور کنگ سائز کے گدے بآسانی مل جاتے ہیں۔ جیل اور تھراپی کے نام سے بنائے جانے والے میٹرس میں خاص قسم کی ٹیکنالوجیز جیسے سیون زون یا ایئر فلو کا استعمال کیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے اس میں سے ہوا کا گزر ہوتا رہتا ہے اور اس پر لیٹنے والے شخص کو سوتے وقت گدے کی وجہ سے گرماہٹ یا گرمی کا احساس نہیں ہوتا۔ میٹرس بنانے والی کمپنیوں نے مختلف طرح کی میٹرس کی سیریز بنائی ہوئی ہیں، ان میں استعمال کی جانے والی ٹیکنالوجی کو مدنظررکھتے ہوئے ان کی قیمت رکھی جاتی ہے،کئی میٹرس ایسے بھی ہیں جن کی قیمت ایک لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔ ان میں ایک خاص قسم کا میموری فوم، آرتھو فوم، پاکٹ اسپرنگز اور جیل بیڈز کا استعمال کیا جاتا ہے۔

ان سب باتوں کے بعد اب سوال یہ آتا ہے کہ کس طرح کا گدا خریدا جائے؟ اس حوالے سے امریکا کی ایک میٹرس بنانے والی کمپنی(جس کی شاخیں مختلف ملکوں میں ہیں) کے جنرل مینیجر پونیت ورما (Puneet Verma) کا کہنا ہے کہ اگر رات کو سوتے وقت نیند لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے تو اس کی ایک وجہ میٹرس کا مدت استعمال ختم ہوجانا بھی ہوسکتا ہے۔ جب گدا آپ کو آرام دہ محسوس نہیں ہوگا تو آپ کو سونے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ میٹرس بنانے والی کمپنیاں اس کی مدت استعمال بھی لکھ دیتی ہیں، لہٰذا اسے بھی وقتاً فوقتاً دیکھتے رہنا چاہئے ۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ گدا خریدتے وقت اس کے حجم، کس طرح وہ سونے میں مدد فراہم کرتا ہے اور وہ کتنا آرام دہ یا نرم ہے، ان تمام باتوں کو ضرور ذہن میں رکھنا چاہئے۔ پونیت ورما کا کہنا ہے کہ اکثر لوگ میٹرس خریدتے وقت صرف اس کی قیمت دیکھتے ہیں، یہی وجہ ہے خریدنے کے کچھ عرصے کے بعد سے ہی انہیں اس میٹرس سے شکایات ہونے لگتی ہیں، جبکہ اگر گدا خریدتے وقت اس کی قیمت کے بجائے اس کی کوالٹی کو دیکھا جائے تو زیادہ بہتر رہتا ہے۔ پونیت کا مشورہ یہ بھی ہے کہ جب بھی کوئی میٹرس آپ کو پسند آجائے۔ اس کو فوراً نہ خریدیں بلکہ اپنے شوہر یا ساتھ میں موجود مرد کوکہیں کہ وہ اس پر کچھ دیر بیٹھ کر یا لیٹ کر دیکھیں، کسی بھی میٹرس کی کوالٹی اور وہ کتنا آرام دہ ہے، اس بات کو جانچنے کیلئے ضروری ہے کہ کم سے کم 0منٹ اس پر بیٹھا جائے، تاکہ اس گدے کی سختی یا نرمی کے بارے میں پتا چل سکے۔ جلد بازی میں کبھی بھی میٹرس نہ خریدیں اور نا ہی دوسروں کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے میٹرس خریدیں۔ خاص طور پر خواتین اگر کسی عزیز کے یہاں جاتی ہیں اور انہیں کوئی میٹرس پسند آجاتا ہے تو وہ فوراً ہی اس کے بارے میں معلومات حاصل کرتی ہیں، اس کے بعد جاکر وہی میٹرس آنکھیں بند کرکیخرید کر لے آتی ہیں۔ ساتھ ہی اگر انہیں میٹرس خریدتے وقت دکاندار کچھ کہے تو وہ اس کی باتوں میں بھی آجاتی ہیں، جبکہ انہیں دوسروں کی باتوں میں آنے کے بجائے خود ہی دیکھ بھال کر اپنی مرضی اور پسند کو مد نظر رکھتے ہوئے میٹرس خریدنا چاہئے۔ پونیت کا کہنا ہے کہ ہر دکاندار اپنی دکان میںموجود سامان کی تعریف ہی کرتا ہے، لہذا اگر دکان دار کہے کہ ’’باجی یہ میٹرس لے جائیں، یہ بہت ہی آرام دہ ہے۔‘‘ تو اس کی باتوں کی طرف زیادہ توجہ نہ دیں، ہمیشہ وہی چیز خریدنے کو ترجیح دیں جو آپ کو پائیدار اور آرام دہ لگ رہی ہو۔

جلد بازی میں گدا خرید کر نہ لے آئیں، اس کی مدت استعمال ضرور چیک کریں۔ عموماً میٹرس کی مدت استعمال 10 سال ہوتی ہے۔ اس لئے ایک مرتبہ اچھی کوالٹی کا میٹرس خرید لیا جائے توآرام دہ اور پرسکون نیند کا حصول ممکن ہوجاتا ہے، ویسے بھی پرسکون نیند کیلئے میٹرس کا آرام دہ ہونا ضروری ہے۔