لائف اسٹائل

فریج کی دیکھ بھال بھی اہم ہے

Share: Next Story >>>

فریج کچن کا ایک ضروری حصہ بن چکا ہے اور کچن میں ہونے والے کاموں میں اس کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ اس لیے فریج کی ضروری دیکھ بھال اور اس کے استعمال کے طریقے جاننا بھی بڑا ضروری ہے تاکہ کچن میں آپ کا یہ مددگار ہمیشہ آپ کا ساتھ دیتا رہے۔

فریج کو تھرمامیٹر کے ذریعے اکثر وبیشتر چیک کرتے رہنا چاہیے۔ اس طرح آپ کو فریج کی کارکردگی اور اس میں پیدا ہونے والی خرابیوں کے بارے میں معلومات حاصل ہوتی رہیں گی۔

اگر فریج کو چیک نہیں کیا جائے گا تو آپ کا فریج خراب ہوکر بند بھی ہوسکتا ہے اور یا غلط ٹمپریچر کی وجہ سے اس میں رکھی ہوئی چیزیں خراب بھی ہو سکتی ہیں۔

فریج کا ٹمپریچر 50ڈگری سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے اور جب اسے چیک کرنا ہو تو فریج کا ٹمپریچر 40 ڈگری تک رکھیں۔ چیک کرنے کے لیے تھرمامیٹر فریج کے ہر خانے میں کم ازکم ایک گھنٹہ تک پڑا رہنے دیں۔

اس طریقے سے آپ کو فریج کے بارے میں ضرروی معلومات حاصل ہوسکتی ہیں اور فریج کی دیکھ بھال مناسب طریقے سے ہوسکتی ہے۔

فریج میں آئس کیوب ٹرے عموماً زیادہ برف بننے کی وجہ سے منجمد ہوکر چپک جاتی ہے اور اسے اکھاڑنا مشکل ہوجاتا ہے۔ اس تکلیف دہ مسئلے سے بچنے کے لیے آپ آئس کیوب ٹرے کو فریج میں جہاں اسے رکھنا ہو وہاں مومی کاغذ رکھ دیں اور مومی کاغذ پر آئس ٹیوب ٹرے رکھیں۔ ایسا کرنے سے آئس کیوب ٹرے فریج میں چپکے گی نہیں۔

فریج کا اندرونی دروازہ پانی ڈال کر نہیں دھونا چاہیے۔ اس طرح دھونے سے چاروں طرف لگا ہوا ربڑ خراب ہوجاتا ہے۔ اسے گیلے کپڑے سے پونچھ کر صاف کرنا چاہیے۔

فریج کو اندر سے دھونے کے لیے صابن کا استعمال نقصان دہ ثابت ہوتا ہے جس کی وجہ سے فریج میں بدبو پیدا ہوجاتی ہے۔ اس سے بہتر ہے کہ پانی میں سہاگہ(بوریکس)ملا کر دھوئیں۔ ایک سیر پانی میں ایک درمیانہ چمچ سہاگہ کافی ہے۔ فریج کے اندر بہت زیادہ برف جمنے نہ دیں کیونکہ اس طرح فریج جلدی خراب ہوجاتا ہے۔

ہر مہینے فریج بند کرکے اندر جمی ہوئی برف پگھلنے دیں۔ اگر برف بہت زیادہ جمی ہو تو دھونے سے پہلے برف والے خانے کے نچلے حصے میں کھولتے ہوئے پانی کی دیگچی رکھ کر دروازہ بند کردیں۔ برف چند لمحوں میں پگھل جائے گی۔ برف سے جمے ہوئے برتن آسانی سے نکالنے کے لیے برف خانے میں تھوڑا سا نمک چھڑک دیں، پھر اس کے اوپر پانی کے سانچے رکھیں۔ اس طرح برف بھی جلدی بنے گی اور سانچا بھی آسانی سے باہر نکل آئے گا۔ برف جمانے والے ڈبوں یا سانچوں کے نیچے اگر مومی کاغذ بچھادیں تو سانچے فریزر میں جمیں گے نہیں اور آسانی سے باہر نکل آئیں گے۔

فریج کی چمک دمک برقرار رکھنے کے لیے تھوڑے سے پانی میں ایمونیا کے چند قطرے ملا کر صاف کریں۔ فریج کو بار بار کھولنے اور بہت سی چیزیں بھرنے سے فریج کی کارکردگی بہت متاثر ہوتی ہے۔

جب مارکیٹ سے کھلا گوشت آئے تو اسے دوبارہ مومی لفافے یا کاغذ میں لپیٹ کر فریج میں رکھیں۔ اس طرح گوشت کے چھیچھڑے اور خون کے دھبے کاغذ پر نہیں چپکیں گے۔ چاہے گوشت فریج میں کافی دنوں تک پڑا رہے۔

مچھلی کو فریج میں محفوظ رکھنا ہو تو مچھلی کے سائز کا ایک ڈبہ لیں۔ مچھلی کو اس میں ڈال کر اتنے پانی سے بھردیں کہ مچھلی اس میں ڈوب جائے، پھر اس ڈبے کو فریج میں رکھیں۔ اس کے بعد جب ضرورت پڑنے پر مچھلی نکالیں گے تو پہلی حالت جتنی تروتازہ ہوگی۔