دلچسپ و خاص

رحم دل چور قیمتی سامان لوٹنے کے بعد معافی نامہ چھوڑ گیا

یہ سب ایک مہینے میں واپس کر دوں گا، معافی نامے کا متن

Share: Next Story >>>
(فوٹو: انڈیا ٹوڈے)

بھارتی ریاست تامل ناڈو میں سیلوِن نامی ایک ریٹائرڈ ٹیچر کی رہائش گاہ پر چور نے ڈکیتی کی لیکن جاتے جاتے معافی نامہ چھوڑ گیا جس میں چوری شدہ سامان ایک ماہ میں واپس کرنے کا وعدہ درج تھا۔

یہ دلچسپ واقعہ میگنانا پورم کے ستھانکولم روڈ پر اُس وقت پیش آیا جب سیلوِن اور ان کی اہلیہ چنئی میں اپنے بیٹے سے ملنے کے لیے روانہ ہوچکے تھے۔

سیلوِن نے اپنی غیر موجودگی میں گھر کی صفائی کے لیے گھریلو ملازمہ سیلوی کی خدمات حاصل کر رکھی تھیں، جب سیلوی 26 جون کو سیلوِن کے گھر گئی تو گھر کا مرکزی دروازہ کھلا دیکھ کر وہ حیران رہ گئی۔

اس نے فوراً سیلوِن کو اطلاع دی، جب وہ اپنے گھر پہنچے تو سیلوِن نے دیکھا کہ اُن کے 60 ہزار روپے، 12 گرام سونے کے زیورات اور چاندی کی پازیب کا ایک جوڑا چوری کرلیا گیا ہے۔

جب پولیس نے سیلوِن کے گھر کی تلاشی لی تو انہیں ایک معافی نامہ ملا جو مبینہ طور پر چور وہاں چھوڑ گیا تھا، معافی نامے میں چور نے معذرت کا اظہار کیا تھا اور ایک ماہ میں چوری شدہ اشیاء واپس کرنے کا وعدہ بھی درج تھا۔

خط میں لکھا گیا تھا کہ 'مجھے معاف کر دو، میں یہ سب ایک مہینے میں واپس کر دوں گا، میرے گھر میں کسی کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے اس لیے میں یہ کر رہا ہوں'۔

میگنانا پورم پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

اسی طرح کا ایک واقعہ گزشتہ سال کیرالہ میں بھی دیکھنے میں آیا تھا جب ایک چور نے ایک 3 سالہ بچے سے سونے کا ہار چرا لیا تھا اور بعد میں اُس نے معافی نامہ کے ساتھ ہار بیچ کر کمائی گئی رقم واپس کر دی تھی۔