اسکینڈلز

’پرندا‘ کے سیٹ پر ‘ونود چوپڑا‘ نے ‘نانا پاٹیکر‘ کی قمیص کیوں پھاڑی؟

شوٹنگ کے دوران پریشانی سے گزرنا پڑا۔

Share: Next Story >>>
شوٹنگ کے دوران پریشانی سے گزرنا پڑا۔

بالی وڈ کے معروف ہدایت کار ‘ودھو ونود چوپڑا‘ نے انکشاف کیا کہ انہیں فلم پرندا کے سیٹ پر اداکار نانا پاٹیکر کے تلخ اور نامناسب رویے کی وجہ سے شوٹنگ کے دوران پریشانی سے گزرنا پڑا۔

‘ودھو ونود چوپڑا‘کی فلم پرندا میں نانا پاٹیکر کی اداکاری کو فلمی گرو اداکار کے کیریئر کی بہترین پرفارمنس میں سے ایک گردانتے ہیں لیکن فلم کی شوٹنگ ونود اور نانا دونوں کیلئے ہی آسان نہیں تھی۔

بھارتی ریئیلٹی شو میں دیئے گئے اپنے بیان میں ہدایت کار ‘ودھو ونود چوپڑا‘ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے فلم کی شوٹنگ کے دوران تلخ کلامی پر نانا پاٹیکر کا کُرتا بھی پھاڑ دیا تھا۔

پورے معاملے کی تفصیل بتاتے ہوئے ونود چوپڑا کا کہنا تھا کہ ‘میں نے نانا پاٹیکرکو ‘پروش‘ نامی ڈرامے میں دیکھا تھا جس کے بعدانہیں اپنی فلم میں کاسٹ کیا۔ اداکار نانا پاٹیکر سے ملاقات سے پہلے میں ایک خوش اخلاق نوجوان تھا میں کسی کو گالی تو کیا کبھی بددعا تک نہیں دی تھی لیکن یہ سب خوش اخلاقی فلم ‘پرندا‘ کے سیٹ پر نانا پاٹیکر سے ملنے کے بعد ختم ہوگئی‘۔

ونود نے کہا کہ ‘ فلم کا سین شوٹ کرنے کیلئے میں جب نانا پاٹیکر کو ایکشن کہتا تو وہ مجھے گالیاں دینا شروع کردیتے ایک وقت آیا کہ میں پریشان ہوگیا کہ ان کو ڈائیریکٹ کیسے کروں؟ لہذا جب پانی سر سے اوپر ہوگیا تو میں نے بھی ان کی گالیوں کے ردِعمل میں انہیں گالیاں دینا شروع کر دیں‘۔

ہدایت کار ونود چوپڑا نے مزید کہا کہ معاملہ اُس وقت سنگین ہواجب ہم سب صبح سے شوٹنگ کررہے تھے اور شام ہو چکی تھی بیچ سین میں اچانک اداکار نے اعلان کیا کہ وہ تھک گئے ہیں اور گھر جا رہے ہیں جس پر میں نے ان سے کہا کہ 'ٹھیک ہے آپ ضرور جائیں لیکن آج کے دن کے سیٹ کے اخراجات آپ کو برداشت کرنے ہوں گے‘۔

ونود چوپڑا نے کہا کہ یہ سننا ہی تھا کہ اداکار نانا پاٹیکر نے مجھے پھر سے گالیاں دینا شروع کردیں جس کا جواب دیتے ہوئے میں نے جھگڑے کے دوران ان کا کرتا پھاڑ دیا۔

ڈائیریکٹر نے مداحوں کو بتایا کہ اس دوران سیٹ پر موجود پولیس دوڑتی ہوئی آئی جس نے ہم دونوں کو دیکھ کر کہا 'عجیب بات ہے ہم لوگ یہاں سیٹ ہر آپ کو باہر کے افراد سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے موجود ہیں لیکن آپ لوگ تو آپس میں ہی لڑ رہے ہیں'۔

واضح رہے ‘فلم پرندا‘ کے بعد اداکار نانا پاٹیکر اور ونود چوپڑا نے پھر کبھی ایک ساتھ کام نہیں کیا تاہم فلم نے متعدد ایوارڈز جیتے اور ہندوستانی سنیما کی بلاک بسٹر فلموں کی لسٹ میں اپنا نام درج کروانے میں کامیاب ہوگئی۔