کھیل

احمد شہزاد کرکٹ میں مذہب کارڈ کے استعمال پر برہم

میدان میں اداکاری کرتے وقت مذہب کہاں جاتا ہے، احمد شہزاد

Share: Next Story >>>
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

سابق پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد نے کرکٹ میں مذہب کارڈ استعمال کرکے خراب کارکردگی چھپانے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

حالیہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہونے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد رضوان نے چند روز قبل ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ 'ہر انسان دو چیزوں کا سفیر ہے، وہ پہلے اسلام کا سفیر ہے، اگر وہ مسلمان ہے تو وہ شخص دنیا میں کہیں بھی جائے تو اس کے لیے پاکستان معنیٰ نہیں رکھتا، دوسرا وہ سفیر ہے پاکستان کا، جب اس سے نیچے بات آتی ہے تو اس کے لیے معنیٰ نہیں رکھتا کہ میں کس صوبے سے ہوں، وہ پاکستان کی نمائندگی کرتا ہے'۔

محمد رضوان کے اِس بیان پر کرکٹ شائقین کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے اور کرکٹ میں مذہب کے استعمال کا الزام عائد کیا جارہا ہے۔

احمد شہزاد نے 'ایکس' پر اپنی تازہ پوسٹ میں کہا کہ 'یہ واقعی مایوس کن ہے کہ کچھ کھلاڑی غیر ضروری پریس کانفرنس کرکے اور مذہب کا کارڈ کھیل کر ورلڈ کپ میں اپنی خراب کارکردگی کو چھپا رہے ہیں۔ جب وہ اپنی فٹنس کے بارے میں جھوٹ بولتے ہیں اور جب وہ تسلیم کرتے ہیں کہ وہ میدان میں اداکاری کر رہے تھے تو مذہب کہاں جاتا ہے؟'

(اسکرین شاٹ: ایکس)

انہوں نے سوال کیا کہ 'کیا مذہب آپ کو دوسروں کو دھوکہ دینا اور میدان میں جھوٹ بولنا سکھاتا ہے؟ آپ کو میدان میں پرفارم کرنے کے لیے پیسے دیے جاتے ہیں اور آپ اس کے بجائے ٹیم میں گروپ بندی میں شامل ہوتے ہیں'۔

احمد شہزاد نے لکھا کہ 'مذہب ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ ہم اپنی ذمہ داری کو پوری عزم کے ساتھ ادا کریں اور اپنی تکلیف کے بارے میں جھوٹ نہ بولیں'۔

اُن کا کہنا تھا کہ 'اِن کھلاڑیوں کے کچھ ترجمان چاہتے ہیں کہ انہیں ایک اور موقع دیا جائے لیکن کیوں؟ یہ پاکستان کی ٹیم ہے اور یہ ان کے گھر کی ٹیم نہیں ہے جہاں وہ کھیل سکیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'اگر وہ ایک اور موقع چاہتے ہیں تو وہ اپنی ٹیم بنا سکتے ہیں اور اپنے دوستوں کے ساتھ کھیل سکتے ہیں لیکن اب پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے نہیں'۔

واضح رہے کہ بابر اعظم کی زیرقیادت قومی ٹیم ٹی20 ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے تک پہنچنے میں بھی ناکام رہی تھی اور پہلے ہی مرحلے میں باہر ہوگئی تھی۔

2007 کے بعد ٹورنامنٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب پاکستان کو اتنی جلدی ایونٹ سے آؤٹ ہونا پڑا۔

پاکستان کو پہلے مرحلے کے 2 میچز میں شکست ہوئی تھی جس میں قومی ٹیم کو امریکا سے اپ سیٹ شکست ہوئی جبکہ قومی ٹیم، بھارت سے جیتا ہوا میچ بھی ہار گئی تھی۔