انفوٹینمنٹ

دلجیت دوسانجھ نے ’ایلکسا‘ کو جھوٹی کہہ دیا

دلجیت دوسانجھ ’ایلکسا‘ سے ایک گانا سننے کیلئے ترس گئے

Share: Next Story >>>

معروف بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے ایمیزون کے مشہور ورچوئل اسسٹنٹ ’ایلکسا‘ کو جھوٹی قرار دے دیا۔

شہرت کے آسمان چھونے والے دلجیت دوسانجھ صرف ایک بہترین گلوکار نہیں بلکہ زبردست اداکار بھی ہیں جو حال ہی میں 'امر سنگھ چمکیلا' اور ’جٹ اینڈ جولیٹ تھری‘ میں بھی بہترین اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئے۔

اگرچہ دلجیت دوسانجھ دو دہائیوں سے گلوکاری کی دنیا سے جڑے ہوئے ہیں لیکن گزشتہ چند سالوں سے دلجیت دوسانجھ وہ کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے جو وہ ہمیشہ حاصل کرنا چاہتے تھے۔

دلجیت دوسانجھ اب دنیا بھر میں اپنی آواز کا جادو جگانے میں کامیاب ہوچکے ہیں اور آئے دن کسی ملک میں کنسرٹ کر رہے ہوتے ہیں۔

دلجیت دوسانجھ کی گلوکاری کے ساتھ ساتھ ان کی دلچسپ باتیں اور نٹ کھٹ انداز بھی لوگوں کو بے حد پسند ہے۔

سوشل میڈیا پر دلجیت کی ایک ویڈیو زیرِ گردش ہے جس میں وہ کچن میں کچھ بناتے نظر آرہے ہیں اور اسی دوران وہ ایلکسا سے کہتے ہیں ’ ون مور، پلے دلجیت دوسانجھ، کلیش، چخ دے پٹھے‘۔

اس پر ایلکسا جواب دیتی ہے کہ ’معذرت مجھے ایسے کسی گانے کے بارے میں نہیں پتا‘ ، یہ سن کر دلجیت دوسانجھ مسکراتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’ارے نہیں چخ دے پٹھے نہیں، ایلکسا پلے کلیش فرام دلجیت دوسانجھ‘۔

ایلکسا ایک مرتبہ پھر دلجیت دوسانجھ سے معذرت کر کے کوئی دوسرا گیت بجا دیتی ہے جس پر دلجیت کہتے ہیں ’یہ تو اس نے گانا بجایا ہی نہیں، انگریزی میں ہی بات سمجھتی ہے بس، ایلکسا رک جا‘۔

ویڈیو میں دلجیت دوسانجھ متعدد مرتبہ جملہ تبدیل کر کر کے ایلکسا کو حکم دینے کی کوشش کرتے ہیں کہ وہ انکا گیت ’کلیش‘ سنادے لیکن وہ ہر مرتبہ معذرت کرکے کوئی دوسرا گیت بجا دیتی ہے۔

دلجیت یہ کہتے بھی سنائی دیے کہ ’ایلکسا جھوٹی ہے اس نے ابھی بجایا تھا لیکن اب نہیں بجا رہی، یہ جانتی ہے میرے گیت کلیش کو پر جھوٹ بولے جارہی ہے‘۔

بالآخر ایلکسا دلجیت کے ٹھہر ٹھہر کے کہے گئے جملے کو سمجھنے کے بعد انکا گیت ’کلیش‘ لگا دیتی ہے جس کو سنتے ہی دلجیت خوش ہوجاتے ہیں اور کہتے ہیں ’ارے مان گئی یہ تو‘۔