انفوٹینمنٹ

ڈائیلاگ ’ک-ک-ک کرن‘ شاہ رخ خان نے کس سے متاثر ہو کر ادا کیا؟

فلم کا ڈائیلاگ ’آئی لو یو ک-ک-ک-کرن‘ بیحد مشہور ہوا تھا

Share: Next Story >>>
اسکرین گریب

یش چوپڑا کی مشہور فلم ’ڈر‘ میں شاہ رخ خان نے ولن کا کردار ادا کیا تھا جو اس وقت کے روایتی رومانوی ہیرو کے کردار سے مختلف تھا۔

فلم کا ڈائیلاگ ’آئی لو یو ک-ک-ک-کرن‘ بے حد مشہور ہوا تھا۔ کیا آپ جانتے ہیں وہ ڈائیلاگ شاہ رخ خان نے کس سے متاثر ہو کر ادا کیا تھا، فلم کی ہیروئین جوہی چاولہ نے یہ راز افشاں کر دیا ہے۔

گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جوہی چاولہ نے انکشاف کیا کہ شاہ رخ خان کا مشہور ڈائیلاگ ’آئی لو یو ک-ک-ک-کرن‘ فلم ڈائریکٹر یش چوپڑا کی ہکلاہٹ سے متاثر ہو کر اپنایا گیا تھا۔

جوہی نے کہا کہ فلم کی شوٹنگ سے قبل انہیں شاہ رخ خان نے بتایا تھا کہ وہ ’آئی لو یو کرن‘ والا سادہ ڈائیلاگ تبدیل کرکے ’آئی لو یو ک-ک-ک-کرن‘ کرکے ادا کریں گے، کیونکہ یش چوپڑا جی گفتگو میں ہکلاتے تھے، شاہ رخ خان کے بقول انہوں نے یش چوپڑا سے متاثر ہو کر وہ ڈائیلاگ بولا تھا جو پہلے دن کی طرح آج بھی مقبول ہے‘۔

یاد رہے کہ فلم ’ڈر‘ کے علاوہ جوہی چاولہ نے شاہ رخ خان کے ساتھ متعدد فلموں میں کام کیا ہے، جن میں ’یس باس’، ’پھر بھی دل ہے ہندوستانی‘ اور ’ڈپلیکیٹ‘ وغیرہ شامل ہیں۔

دونوں نے نہ صرف اسکرین پر بہترین کیمسٹری شیئر کی بلکہ حقیقی زندگی میں قریبی دوست ہیں اور آئی پی ایل 2024 کی فاتح ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے شریک مالکان بھی ہیں۔

2023 میں ’ڈنکی‘، ’جوان‘اور ’پٹھان‘ کی زبردست کامیابی کے بعد شاہ رخ خان اب اپنی اگلی فلم ’کنگ‘ پر کام کر رہے ہیں۔

اس فلم میں سپر اسٹار پہلی بار اپنی بیٹی سہانا خان کے ساتھ اسکرین شیئر کرتے نظر آئیں گے۔

سہانا نے فلم ‘دی آرچیز’ سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا جسے ناظرین کی جانب سے ملے جلے اور منفی ریویوز ملے تھے۔