کھیل

چیمپئنز ٹرافی، پاک بھارت ٹاکرے کی ممکنہ تاریخ سامنے آگئی

روایتی حریفوں کے درمیان میچ لاہور میں شیڈول کیا گیا ہے۔

Share: Next Story >>>
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوران پاک بھارت ٹاکرا یکم مارچ 2025 کو متوقع ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی بورڈ کے ایک رکن کا کہنا ہے کہ پاکستان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں روایتی حریفوں کے درمیان میچ یکم مارچ کو لاہور میں شیڈول کیا گیا ہے۔

لاہور کا قذافی اسٹیڈیم پاکستان اور بھارت کے درمیان اِس سنسنی خیز مقابلے سمیت بھارت کے تمام میچز کی میزبانی کرے گا۔

پی سی بی نے چیمپنز ٹرافی کا شیڈول آئی سی سی کے ساتھ شیئر کیا ہوا ہے، تاہم اِس شیڈول کو ابھی تک بھارتی کرکٹ بورڈ نے منظوری نہیں دی۔

آئی سی سی بورڈ کے رکن کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا 15 میچوں پر مشتمل ڈرافٹ جمع کرا دیا ہے، 7 میچز لاہور میں، 3 کراچی میں اور 5 راولپنڈی میں ہوں گے۔

مجوزہ شیڈول میں گروپ اے میں پاکستان اور بھارت کے علاوہ بنگلادیش اور نیوزی لینڈ شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور افغانستان کو رکھا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے تمام رکن ممالک نے آئی سی سی کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کروادی ہے تاہم بی سی سی آئی بھارتی حکومت سے مشاورت کے بعد فیصلہ کرے گا۔

چیمپئنز ٹرافی کے لیے 19 فروری سے 9 مارچ تک کی تاریخ تجویز کی گئی ہے، 10 مارچ چیمپئنز ٹرافی فائنل کے لیے 'ریزرو ڈے' کے طور پر رکھا گیا ہے۔