ٹیکنالوجی

میٹا کا لفظ 'شہید' کے استعمال پر پابندی ہٹانے کا اعلان

بورڈ نے میٹا کے اعلان کا خیرمقدم کیا۔

Share: Next Story >>>
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

فیس بک، انسٹا گرام اور واٹس ایپ کی سرپرست کمپنی 'میٹا' نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر عربی لفظ 'شہید' کے استعمال پر عائد پابندی ایک برس طویل جائزے کے بعد ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

عربی لفظ 'شہید' اُن الفاظ کی فہرست میں شامل ہے جن پر مبنی پوسٹس کو میٹا کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے حذف یا محدود کر دیا جاتا ہے۔

ان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مشرق وسطیٰ سے متعلق مواد کے حوالے سے کمپنی کی پالیسی کو کئی برسوں سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

2021 میں کی گئی ایک تحقیق میں میٹا نے خود اعتراف کیا تھا کہ اس کی پالیسی سے فلسطینیوں اور عربی بولنے والے دیگر صارفین کے انسانی حقوق متاثر ہوئے ہیں۔

اکتوبر میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جھڑپوں کے آغاز کے بعد سے اِس تنقید میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

مارچ میں ہونے والے جائزے میں یہ بات سامنے آئی کہ لفظ 'شہید' کے بارے میں میٹا کے قواعد اِس کے معانی کا مکمل احاطہ کرنے میں ناکام رہے ہیں، نتیجتاً ایسی پوسٹس کو بھی میٹا کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ہٹا دیا گیا جن کا مقصد پُرتشدد کارروائیوں کی حوصلہ افزائی کرنا نہیں تھا۔

اُس وقت میٹا کے اوور سائیٹ بورڈ کی جانب سے کمپنی کو ہدایت دی گئی تھی کہ لفظ 'شہید' پر پابندی سے لاکھوں صارفین کے آزادی اظہار رائے کے حق کو غیرضروری طور پر دبایا جارہا ہے۔

اب کمپنی کی جانب سے جاری ایک اپ ڈیٹ میں بتایا گیا کہ میٹا کے قائم کردہ نگران بورڈ کی جانب سے یہ پابندی ختم کرنے کی ہدایت کی گئی تھی اور اسی لیے پالیسی کو نرم کیا جا رہا ہے۔

کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اوور سائیٹ بورڈ کے سفارش پر وہ اس لفظ کی جانچ پڑتال کے لیے نئی حکمت عملی کی آزمائش کر رہی ہے۔

فیصلے کے مطابق اب لفظ 'شہید' پر مبنی صرف پُرتشدد مواد کو میٹا کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ہٹایا جائے گا۔

اِس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے اوور سائیٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم میٹا کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں جس میں بورڈ کی سفارشات پر عملدرآمد کا وعدہ کیا گیا ہے۔