انفوٹینمنٹ

ارمیلا مٹونڈکر کا پرانے گیت پر نیا ڈانس وائرل

ارمیلا مٹونڈکر نے 90 کی دہائی کی یادیں تازہ کردیں

Share: Next Story >>>
ارمیلا مٹونڈکر کا ’یہ خبر چھپوادو اخبار میں‘ پر رقص وائرل

بھارتی معروف اداکارہارمیلا مٹونڈکر نے بالی وڈ گیت ’یہ خبر چھپوادو اخبار میں‘ پر پُرجوش رقص کر کے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔

ارمیلا مٹونڈکر کا شمار بھارت کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے ناصرف ہندی بلکہ تیلگو، تمل، ملیالم اور مراٹھی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

ارمیلا نے 1977 میں بطور چائلڈ اسٹار بی آر چوپڑا کی فلم ’کرم‘ میں کام کیا تھا جس کے بعد وہ بھولی بھالی صورت کے ساتھ فلم ’معصوم‘ میں نظر آئیں جو 1983 میں ریلیز ہوئی تھی۔

ارمیلا نے بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کرنے کے بعد 1989 میں ملیالم فلم ’چناکیان‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور پھر 1991 میں ریلیز ہونے والی فلم ’نرسماہ‘ میں مرکزی کردار نبھاتی نظر آئیں۔

اگرچہ ارمیلا مٹونڈکر اب بالی وڈ فلموں میں نظر نہیں آتیں لیکن اکثر و بیشتر وہ ٹی وی شوز میں جلوہ گر ہوجاتی ہیں۔

حال ہی میں ارمیلا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک رِیل شیئر کی جس میں وہ دلکش جوڑے میں ملبوس رقص کرتی نظر آرہی ہیں۔

مذکورہ رِیل میں ارمیلا اپنی بالی وڈ فلم ’افلاطون‘ کے مشہورِ زمانہ گیت ’یہ خبر چھپوادو اخبار میں‘ پر رقص کر رہی ہیں۔

اس فلم میں ارمیلا کے ساتھ بالی وڈ کے ’کھلاڑی‘ اکشے کمار کو کاسٹ کیا گیا تھا جنہوں نے ناصرف فلم میں اداکاری بلکہ گانوں میں بھی ارمیلا کے ساتھ بہترین رقص کیا تھا۔

ویڈیو میں ارمیلا نیون و سفید چھوٹی فراک کے ساتھ میچنگ بیل بوٹم پہنی ہوئی ہیں اور اپنے منفرد انداز میں اس گانے پر رقص کر رہی ہیں۔

50 سالہ اداکاری کی قاتلانہ اداؤں پر سوشل میڈیا صارفین دل ہارتے نظر آرہے ہیں جبکہ پوسٹ کا کمنٹ سیشن بھی تعریفی جملوں سے بھرچکا ہے۔