انفوٹینمنٹ

منال خان نے نئی ماؤں کی حوصلہ افزائی کردی

اداکارہ کا نئی پوسٹ میں ماؤں کے نام پیغام

Share: Next Story >>>
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں نئی ماؤں کی حوصلہ افزائی بھی کی

پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی مقبول اداکارہ منال خان شادی کے بعد شوبز کو خیرباد تو کہہ چکی ہیں مگر سوشل میڈیا پر کافی زیادہ ایکٹیو ہیں۔

حال ہی میں اداکارہ کی جانب سے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ جاری کی گئی جس میں منال خان ‘پوسٹ پریگنینسی سینڈروم‘ (بچے کی پیدائش کے بعد ہونے والی نفسیاتی تبدیلیوں) کے حوالے سے بات کرتی نظر آئیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے بیٹے ‘حسن‘ کے ساتھ لی گئی پورٹریٹ فوٹو شیئر کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ ‘8 ماہ گزر چکے ہیں لیکن میں آج بھی اپنی پریگنینسی اور بیٹے کی پیدائش کے وقت ہونے والی تکلیف کو نہیں بھول پارہی‘۔

منال کا کہنا تھا کہ‘ اس مشکل وقت میں سپورٹ کرنے کیلئے میں اپنی فیملی اور شوہر احسن کی ہمیشہ شکر گزار رہوں گی‘۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ‘ ماں بننا میرے لیے اعزاز کی بات ہے لیکن پرفیکٹ لگنے کے حوالے سے معاشرے کی جانب سے ملنے والے دباؤ کا کیا کریں؟ وہ بھی اس وقت جب دورانِ حمل آپ کا وزن 40 کلو سے زیادہ بڑھ چکا ہو اور سونے پر سہاگا یہ کہ آپ کے بچے کی پیدائش سی-سیکشن کے ذریعے ہوئی ہو‘۔

اداکارہ نے نئی ماؤں کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ‘کیا آپ اب بھی تنہا محسوس کرتیں ہیں؟ گھبرائیں نہیں آپ اکیلی نہیں ہیں ہم سب ایک ساتھ ہیں آئیے یہ مشکل وقت گزار کر دنیا کو دکھائیں کہ ہم کتنی بہادر ہیں‘۔

واضح رہےاداکارہ منال خان نے ستمبر 2021 کو اپنے ساتھی اداکار احسن محسن اکرام سے شادی کی تھی جس کے بعد اگست 2023 کو اپنے حاملہ ہونے کی خبر مداحوں پر آشکار کرنے کے بعد یکم نومبر کو اپنے بیٹے کا استقبال کیا۔