وائرل اسٹوریز

عمران خان اور شاہد آفریدی دونوں ہمارے ہیرو ہیں، شاہین آفریدی

ہمیشہ دونوں کا احترام کرتا ہوں اور کرتا رہوں گا، شاہین آفریدی

Share: Next Story >>>

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و مایہ ناز کرکٹر شاہد آفریدی گزشتہ کچھ عرصے سے پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے ہونے والی شدید تنقید کی زد میں ہیں۔

تنقید کا آغاز اس وقت سے ہوا جب ایک جعلی بیان شاہد آفریدی سے منسوب کیا گیا جس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے کہا ہے کہ ’9 مئی کے واقعات میں ملوث کرداروں کو نشان عبرت بنا دو، چاہے کپتان ہو یا پوری ٹیم‘۔

شاہد آفریدی نے اس بیان کی تردید بھی جاری کردی تھی تاہم پی ٹی آئی ٹرولز باز نہ آئے اور اُن کے پرانے کلپس کو سوشل میڈیا پر پھر سے شئیر کیا جانے لگا۔

حالیہ دنوں میں پی ٹی آئی کے حامی سمجھے جانے والے یوٹیوبر عمران ریاض خان کے ساتھ بھی شاہد آفریدی کا سوشل میڈیا پر سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔

دوسری جانب یہ بات سب کو معلوم ہے کہ شاہد آفریدی کے داماد شاہین آفریدی، عمران خان کے مداح ہیں اور انہیں اپنا آئیڈیل قرار دیتے ہیں۔

اسی تناظر میں جب شاہین آفریدی سے ایک تقریب کے دوران سوال کیا گیا تو انہوں نے دلچسپ جواب دیا۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ 'شاہد آفریدی اور عمران خان دونوں ہمارے ہیرو ہیں، ہمیں دونوں کا نام احترام سے لینا چاہیے'۔

انہوں نے کہا کہ 'وہ دونوں مجھ سے کافی بڑے ہیں، میں تو کافی چھوٹا ہوں، میرا خیال ہے جو بھی کسی شعبے میں پاکستان کی نمائندگی کرے اس کا نام احترام سے لینا چاہیے، جو بھی اچھا کام کرے'۔

انہوں نے واضح کیا کہ 'دونوں میر ے ہیرو ہیں، میں ہمیشہ ان دونوں کا احترام کرتا ہوں اور کرتا رہوں گا'۔