وائرل اسٹوریز

سینئر اداکار راشد محمود بجلی کا بل زیادہ آنے پر دل برداشتہ

اداکار نے کہا کہ برسوں سے کوئی کام نہیں بل بھرنے کے پیسے کہاں سے لاؤں۔

Share: Next Story >>>

ٹیلی ویژن کے سینئر اداکار راشد محمود بجلی کا بل زیادہ آنے پر انتہائی دل گرفتہ ہوگئے۔

راشد محمود کا شمار پاکستان کی فلم اور ٹی وی انڈسٹری کے سینئر اداکاروں میں ہوتا ہے جو بیماری کے باعث عرصے سے مالی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔

اداکار پی ٹی وی کے ساتھ ایک طویل عرصے تک وابستہ رہے، ان کے مقبول ڈراموں میں شاہین، کاجل گھر، مرزا غالب، ریاست، محبت روٹھ جائے تو، ضرار اور دیگر شامل ہیں۔

ایک ویڈیو میں انہوں نے بتایا کہ انہیں 701 یونٹس پر 45 ہزار368 روپے کا بل موصول ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں 4 مرتبہ دل کے دورے کا شکار بن چکا ہوں لیکن خدا نے مجھے بچا لیا آج مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میں کیوں زندہ بچا۔

ان کا کہنا تھا اس میں ملک میں جس میں میں نے ساری زندگی نہایت ایمانداری سے خدمت کی، جس فیلڈ میں میں نے کام کیا اس میں ہماری وجہ سے اربوں روپے اکٹھا ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ بل بھرنے پیسے کہاں سے لاؤں کیوں کہ لاہور میں کئی برس سے ہمارے لیے کام ہی نہیں ہے۔

راشد محمود کا کہنا تھا کہ اس ملک کے تمام ارباب اختیار پر کوئی نہ کوئی الزام ہے، کروڑوں اربوں روپے جو وہ ملک سے باہر لے کر چلے گئے ان میں سے کوئی ایک پیسہ واپس نہیں لا رہا لیکن قوم کو عذاب میں مبتلا کیا ہوا ہے۔

دل گرفتہ اداکار کا کہنا تھا کہ میں مرنے کی دعا کررہا ہوں جینا ناقابل برداشت ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں بھی چوروں کے ساتھ شامل ہوجاتا تو یہ چیخ چلا نہیں رہا ہوتا لیکن مجھے اپنے رب کے پاس جا کر بھی تو حساب دینا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اس وقت انتہائی دکھی ہوں، میں بیمار ہوں، 45 ہزار 368 کا بل آگیا ہے، اگر تم ہمیں کچھ دے نہیں سکتے تو ہمارا جینا بھی ہم سے چھین رہے ہو۔

سینئر اداکار نے کہا کہ میں غلط ملک میں پیدا ہوا، جو میرے ساتھ بیت رہی ہے، مجھے یقین ہے کہ کروڑوں لوگ ایسی ہی تکالیف سے گزر رہے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں بہت پریشان ہوں، میں زندہ نہیں رہنا چاہتا، میرے پیچھے بچ جانے والے خود ہی بھگت لیں گے، مجھ میں اب ہمت ختم ہوگئی ہے۔

راشد محمود نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک جیسی ہیں سب اپنے لیے کام کررہے ہیں کوئی ہم عوام کے لیے کچھ نہیں کررہا۔