صحت

ایسی پانچ چائے جو وزن کم کرنے میں معاون ہیں

اس کی چائے سے معدے کے مسلز پرسکون ہوتے ہیں

Share: Next Story >>>
اسکرین گریب

چائے کے فوائد اور نقصانات پر دنیا بھر میں طویل عرصے سے ایک لمبی بحث جاری ہے۔ تاہم، چند اقسام کی چائے نہ صرف صحت کے لئے مفید ہیں بلکہ ان کی بدولت وزن میں کمی بھی لائی جاسکتی ہے۔

محققین کے مطابق چائے میں ایسے مرکبات دریافت کئے گئے ہیں، جو کیلوریز کے اخراج کے عمل کو تیز کرتے ہوئے جسم میں فیٹس کو کم کرنے کا سبب بنتے ہیں۔

کالی چائے:

وزن میں کمی یا پیٹ کی چربی گھلانے کے لئے بلیک ٹی کا استعمال کافی فائدہ مند ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ بلیک ٹی کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ پی جانے والی چائے کے طور پر جانا جاتا ہے۔

طبی جریدے یورپین جرنل آف نیوٹریشن میں شائع شدہ تحقیقی نتائج کے مطابق بلیک ٹی جسمانی وزن میں کمی کے ساتھ ساتھ دیگر طبی فوائد کا باعث بھی بنتی ہے۔ کیونکہ اس میں موجود کیمیکلز خون اور ٹشوز میں جذب ہوجاتے ہیں، جس کے باعث اس چائے کا استعمال انسان کے وزن میں کمی اور اچھی صحت میں کردار ادا کر سکتا ہے۔

سبز چائے:

جڑی بوٹی سے بنائی جانے والی چائے میں سبز چائے کو ایک خاص مقام حاصل ہے، جو دنیا بھر میں ایک مقبول مشروب کے طور پر استعمال کی جاتی ہے۔ وزن میں کمی کیلئے اسے مؤثر مشروب قرار دیا جاتا ہے۔ وزن میں کمی سے متعلق گرین ٹی کیلئے ۶۰؍ افراد کو مطالعہ میں شامل کیا گیا اور انہیں باقاعدگی کیساتھ روزانہ سبز چائے پلائی گئی۔

۱۲؍ ہفتے بعد ان افراد کے وزن میں 3 کلو گرام کی کمی دیکھنے میں آئی۔ نتیجے کے طور پر ماہرین کا کہنا تھا کہ روزانہ ایک کپ سبز چائے انسانی جسم کو تمام اینٹی آکسیڈنٹس فراہم کرتی ہے اور میٹابولزم کو بڑھا کر چربی جلانے کا عمل تیز کرتی ہے۔

دارچینی کا قہوہ:

بلڈ شوگر کا آپ کے وزن سے براہِ راست تعلق ہے کیونکہ آپ کی بھوک اور آپ کے جسم میں موجود انرجی کا دارومدار اسی پر ہوتا ہے۔ جتنی جسم میں انرجی زیادہ ہوگی، اتنا ہی ورزش کرنا آسان ہوگا۔

اگر آپ کی بلڈ شوگر متوازن ہے تو آپ کو بہت زیادہ بھوک محسوس نہیں ہوگی، اور جب بھوک کم ہوگی تو آپ کھانا کم کھائیں گے اور ایسے میں آپ کا جسم اپنے باہر سے حاصل کی گئی توانائی کے بجائے اپنے اندر پہلے سے ذخیرہ شدہ توانائی کو استعمال کرے گا۔ دارچینی پر کی گئی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ اس میں بلڈ شوگر لیول کو کنٹرول رکھنے کی خصوصیات موجود ہیں۔

پودینے کی چائے:

پودینہ پیٹ پھولنے اور گیس کے مسائل پر قابو پانے میں مدد دیتا ہے، یہ معدے کے دیگر عوارض کا بھی علاج کرنے میں مدد دیتا ہے۔

اس کی چائے سے معدے کے مسلز پرسکون ہوتے ہیں اور بائل (سبزی مائل بھورا مائع جو جِگر میں بن کر آنتوں میں جاتا ہو۔) کا بہاؤ بڑھتا ہے، جس سے چربی کو ہضم کرنے کا نظام بہتر ہوتا ہے۔

ادرک کی چائے:

ایک تحقیق کہتی ہے کہ ادرک وزن میں کمی کرنے کے عمل کو تیز کرتی ہے اور موٹاپے کے خلاف آپ کے میٹابولزم کو بھی مضبوط کرتی ہے۔

ادرک جسم میں کولیسٹرائل کے لیول کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے جس سے دل کی صحت اچھی اور وزن میں کمی آتی ہے۔