انفوٹینمنٹ

حنا خان موذی مرض کینسر کا شکار

حنا خان نے سرطان سے بھرپور جنگ لڑنے کا عزم کرلیا

Share: Next Story >>>
حنا خان میں چھاتی کے سرطان کی تشخیص ہوگئی

بھارتی اداکارہ حنا خان نے خود میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہونے کی افسوسناک خبر مداحوں کے ساتھ شیئر کردی۔

انٹرٹینمنٹ چینل اسٹار پلس کے ڈرامے ’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘ میں ’اکشراہ‘ نامی کردار بخوبی نبھانے والی اداکارہ حنا خان کے حوالے سے یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں ممکنہ طور پر انکو کینسر ہوگیا ہے جس کا اندازہ سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کے مشکوک انسٹاگرام پوسٹس اور اسٹوریز سے لگایا تھا۔

زیرِگردش خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے حنا خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ جاری کی ہے جس میں انہوں نے خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے مزید معلومات بھی مداحوں کو دی۔

اداکارہ نے لکھا کہ ’ زیرِ گردش افواہوں پر بات کرتے ہوئے میں اپنے مداحوں اور چاہنے والوں تک یہ خبر پہنچانا چاہتی ہوں کہ مجھ میں اسٹیج تھری بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے‘۔

انہوں نے لکھا کہ ’ پریشان کردینے والی اس تشخیص کے ساتھ ہی میں یہ بھی بتاناچاہتی ہوں کہ میں خیریت سے ہوں، میں اس بیماری سے لڑنے کیلئے بے حد مضبوط اور پُرعزم ہوں، میرا علاج شروع ہوچکا ہے اور میں اس بیماری سے لڑنے کیلئے جو کچھ بھی ضروری ہوا لازمی کروں گی‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ‘ اس وقت میں آپ سب سے بس تھوڑا احترام اور پرائیویسی چاہتی ہوں، میں آپ سب کی محبت اور پیار کی قدردان ہوں اور آپ سب کے ذاتی تجربے اور مشورے میرے لیے بے انتہا قیمتی ہوں گے‘۔

حنا خان نے لکھا کہ ’میں، میری فیملی اور دوست و احباب اس وقت پُر امید ہیں اور مثبت سوچ رکھ رہے ہیں اور یقین ہے کہ اللہ کرم کریگا اور مجھے جلد صحتیاب کردے گا‘۔

حنا خان نے اس طویل نوٹ کے اختتام پر اپنے مداحوں اور چاہنے والوں سے دعاکی بھی درخواست کی۔

پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں حنا خان کے مداح اور ساتھی فنکار انکے لیے فکرمند نظر آرہے ہیں اور ان کے جلد صحتیاب ہونے کی دعائیں کرتے بھی دکھ رہے ہیں۔