دلچسپ و خاص

مائیکل جیکسن کو انتقال سے قبل کِن مسائل نے آ گھیرا تھا؟

وہ 2009 میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔

Share: Next Story >>>
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

عالمی شہرت یافتہ آنجہانی پاپ سنگر مائیکل جیکسن سے متعلق ایک تازہ رپورٹ میں انکشاف سامنے آیا ہے کہ انتقال سے قبل انہیں سنگین معاشی مسائل نے گھیر رکھا تھا۔

رپورٹ کے مطابق مائیکل جیکسن کو اپنی فضول خرچی کی عادت کی وجہ سے انتقال سے قبل شدید مالی پریشانیوں کا سامنا تھا۔

عدالتی دستاویزات سے متعلق سامنے آنی والی تفصیلات میں انکشاف ہوا ہے کہ مائیکل جیکسن انتقال کے وقت 50 کروڑ ڈالر کے مقروض تھے۔

حادثاتی طور پر ادویات کی ضرورت سے زیادہ مقدار لینے کے سبب وہ 2009 میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے جب اُن کی عمر 50 سال تھی۔

کٹھن ریہرسلز اور نئے نئے گانے ریلیز کرکے نام بنانے کی کوششوں کے باوجود ضرورت سے زیادہ پیسہ خرچ کرنے کی عادت نے اُن پر بھاری قرض چڑھا دیا تھا۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا مائیکل کہ جیکسن پر ہر سال لگ بھگ 3 کروڑ ڈالر چڑھتا جا رہا تھا، جس کی بنیادی وجہ عطیات کے علاوہ تحفے تحائف، سیروسیاحت، آرٹ اور فرنیچر پر اُن کے شاہانہ اخراجات تھے۔

رپورٹ کے مطابق مائیکل جیکسن نے زیورات پر بھی بہت پیسہ خرچ کیا اور وہ گردن تک قرضوں میں ڈوب چکے تھے۔

مائیکل جیکسن کے معاشی مسائل 1993 میں ہی شروع ہوچکے تھے، 1998 تک اُن پر قرض بڑھتے بڑھتے 14 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے تھے۔

جون 2001 اور جون 2009 کے درمیان مائیکل جیکسن پر قرض کی رقم میں تقریباً 17 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوگیا تھا۔