دلچسپ و خاص

بریانی میں مرغی کی ران نہ ملنے پر شادی میدان جنگ بن گئی

دلہن دولہا کے رشتہ داروں کی زبانی جھڑپ دوبدو لڑائی میں بدل گئی۔

Share: Next Story >>>

بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک شادی کی تقریب اس وقت میدانِ جنگ میں تبدیل ہوگئی جب دلہن اور دولہا کے رشتہ دار بریانی پر گتھم گتھا ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب باراتیوں (دولہے کے رشتہ داروں) نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے ہنگامہ کھڑا کر دیا کہ ان کو پیش کی جانے والی بریانی میں مرغی کی ایک بھی ران نہیں ہے۔

اس پر مشتعل ہو کر دلہن کے رشتہ داروں نے بھی جواباً بدزبانی کی۔

بریانی پر دونوں خاندانوں کے درمیان یہ زبانی جھڑپ جلد ہی مکمل دوبدو لڑائی میں بدل گئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی فوٹیج میں شادی میں شریک زیادہ تر مہمانوں کو لڑائی میں حصہ ڈالتے ہوئے دیکھا گیا۔

ویڈیو میں مہمان ایک دوسرے کی خاطر تواضع لاتوں اور گھونسوں سے کرتے ہوئے اور اندھا دھند مار کٹائی کرتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔

اسی دوران ان میں سے ایک آدمی ایک پلاسٹک کی کرسی بھی اٹھا کر دوسرے پر پھینکتا نظر آیا۔

رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ نواب گنج، اتر پردیش کے سرتاج میرج ہال میں پیش آیا۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے جسے ہزاروں لوگ دیکھ اور شیئر کررہے ہیں۔