صحت

خوشبودار، خوش ذائقہ، صحت بخش لیچی کے فوائد

لیچی کو توانائی کا قدرتی خزانہ بھی کہا جاسکتا ہے

Share: Next Story >>>
ایک پیالہ بھر لیجی کھانے سے آپ کی ایک دن کی وٹامن سی کی ضرورت سو فیصد پوری ہوسکتی ہے

موسم گرما کا ایک اور خوش ذائقہ، خوشبودار اور رسیلا پھل لیچی ہے جسے کھانے سے کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا۔

لیچی میں مختلف غذائیت بخش اجزاء مثلاً وٹامن سی، پوٹاشیم، کاپر، میگنیشیئم، فولیٹ اور دیگر غذایتیں ہوتی ہیں۔ اس پھل کی ابتدا چین کے شہر گوانگ ڈونگ اور فوجیان سے ہوئی تھی جہاں سے یہ پوری دنیا میں پھیل چکا ہے۔

لیچی میں پانی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ گرم موسم میں اسے کھانے سے جسم میں پانی کی کمی کی شکایت دور ہوتی ہے، مزاج ٹھنڈا اور تروتازہ رہتا ہے۔

ایک پیالہ بھر لیجی کھانے سے آپ کی ایک دن کی وٹامن سی کی ضرورت سو فیصد پوری ہوسکتی ہے۔ یہ طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ جسم کے مدافعتی نظام کو توانا رکھنے، جلد کو شگفتہ، شاداب رکھنے اور کولاجن کی تشکیل کیلئے ضروری سمجھاجاتا ہے۔ وٹامن سی جسم کو فری ریڈیکلز کی تخریب کاری سے بھی محفوظ رکھتا ہے اور جسم میں فولاد کے انجذاب میں مددگار ہوتا ہے۔

لیچی میں غذائی ریشے بہت ہوتے ہیں جس سے نظام ہاضمہ صحت مند رہتا ہے۔ اگر اس موسمی پھل کو باقاعدگی سے استعمال کیا جائے تو آنتیں پرسکون انداز میں متحرک رہتی ہیں اور قبض کی شکایت دور ہوجاتی ہے۔ شدید گرم موسم میں مختلف وجوہات کی بنا پر ہاضمہ خراب ہوسکتا ہے لہٰذا یہ پھل اس کا تدارک کرسکتا ہے۔

لیچی کو توانائی کا قدرتی خزانہ بھی کہا جاسکتا ہے کیونکہ اس میں بڑی مقدار میں کاربوہائیڈریٹس کے ساتھ فرکٹوز اور سکروز جیسی قدرتی مٹھاس بھی ہوتی ہیں۔ ان قدرتی مٹھاسوں سے جسم کو فوری توانائی ملتی ہے اور گرمی کے طویل دنوں میں کام کاج کے دوران تھکاوٹ طاری نہیں ہوتی۔

لیچی میں پولی فینولز اور دیگر اینٹی آکسیڈنٹس بھی ہوتے ہیں جو سوزش رفع کرنے کی خصوصیات رکھتے ہیں۔ یہ مرکبات جسم میں سوزش کم کرنے میں مددگار ہوتے ہیں جس سے دیرینہ امراض مثلاً دل کی بیماریوں اورکینسر سے تحفظ مل جاتا ہے۔

جو لوگ اپنا وزن کم کرنے کے خواہش مند ہیں ان کیلئے لیچی قدرتی نعمت ہے اور انہیں لازماً اسے اپنی خوراک میں شامل کرنا چاہئے۔ اس پھل میں چکنائی اور کیلوریز کم ہوتی ہیں اور غذائی ریشے چونکہ زیادہ ہوتے ہیں اس لئے لیچی کھانے کے بعد شکم سیری کا احساس ہوتا ہے اور دل بسیار خوری کی طرف مائل نہیں ہوتا۔ اعتدال کے ساتھ لیچی کھانے سے آپ کی میٹھی چیزوں کی خواہش بھی پوری ہوگی اور وزن بھی نہیں بڑھے گا۔

لیچی میں وٹامن سی اور دیگر اینٹی آکسیڈنٹ اجزاء سے جلد صحت مند رہتی ہے۔ یہ غذایتیں اس آکسیڈیٹو اسٹریس کا مقابلہ کرتی ہیں جو انسان کو وقت سے پہلے بوڑھا کردیتی ہے۔ ان سے کولاجن کی تعمیر میں مدد ملتی ہے جس سے جلد تنی ہوئی اور نوجوان نظر آتی ہے۔

لیچی کھانے کے حوالے سے یہ بات ذہن میں رہنی چاہئے کہ ایک دن میں 10، 12 سے زیادہ لیچی نہ کھائی جائے تاکہ وزن صحت مند حد کے اندر رہے اور دوسری اہم بات یہ کہ کبھی خالی پیٹ لیچی نہ کھائیں۔

بہتر یہ ہے کہ صبح ناشتہ اور دوپہر کے کھانے کے درمیان اسے کھایا جائے تاکہ توانائی کی سطح برقرار رہے اور دیگراشیائے خورونوش کی طرف رغبت نہ ہو۔