ٹیکنالوجی

سخت گرمی میں موبائل کو 'اوور ہیٹ' ہونے سے کیسے بچائیں؟

یہ بعض اوقات کسی بڑے نقصان کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

Share: Next Story >>>
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

آج کے ڈیجیٹل دور میں اسمارٹ فونز ہماری روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بن چکے ہیں، لیکن سخت گرم موسم میں موبائل فون بہت زیادہ گرم (اوور ہیٹ) ہونے کا مسئلہ بھی رہتا ہے جوکہ بعض اوقات کسی بڑے نقصان کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

زیادہ گرم ہونے سے نہ صرف موبائل کی پرفارمنس متاثر ہوتی ہے بلکہ بیٹری لائف بھی کم ہوجاتی ہے اور بعض صورتوں میں آگ بھڑکنے کا خطرہ بھی لاحق ہوجاتا ہے۔

موبائل فون کو زیادہ گرم ہونے سے بچانے کے لیے مندرجہ ذیل احتیاطی تدابیر استعمال کی جاسکتی ہیں۔

براہ راست سورج کی شعاؤں سے بچائیں:

اپنے اسمارٹ فون کو براہ راست سورج کی روشنی سے ہمیشہ دور رکھیں، بالخصوص گرمیوں کے موسم میں یہ احتیاط انتہائی ضروری ہے، براہ راست سورج کی شعاعیں موبائل کے درجہ حرارت کو تیزی سے بڑھا سکتی ہیں۔

فون کیس ہٹا دیں:

موبائل فونز کے بعض کیسز/کورز ایسے ہوتے ہیں جو اسے بالکل ہوا لگنے نہیں دیتے، جس کی وجہ سے آپ کا فون جلد گرم ہو جاتا ہے، لہٰذا موبائل فونز کے لیے پتلے کیسز کا استعمال کرنا چاہیے یا اسے ٹھنڈا رکھنے کے لیے وقتاً فوقتاً کیس ہٹاتے رہنا چاہیے۔

بھاری کاموں کا دورانیہ محدود کریں:

سخت گرمی میں ایسی ایپلی کیشنز استعمال یا ٹاسک کرنے سے گریز کریں جن کے لیے زیادہ پروسیسنگ پاور کی ضرورت ہوتی ہے، گیمنگ، ویڈیو اسٹریمنگ یا طویل دورانیے کے لیے جی پی ایس نیویگیشن کے استعمال سے موبائل تیزی سے گرم ہوجاتا ہے۔

غیرضروری فیچرز بند کردیں:

ضرورت نہ ہو تو وائی فائی، بلیوٹوتھ اور جی پی ایس جیسے فیچرز فوری بند کردیں، یہ فیچرز موبائل کو تیزی سے گرم کرنے کا سبب بنتی ہیں کیونکہ انہیں مسلسل سگنل یا ڈیٹا درکار ہوتا ہے۔
سافٹ ویئر باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کریں:

اِس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے اسمارٹ فون کا آپریٹنگ سسٹم اور ایپلی کیشنز 'اپ ٹو ڈیٹ' ہیں، سافٹ ویئر اپ ڈیٹس میں اکثر ایسے فیچرز شامل ہوتے ہیں جو آپ کے اسمارٹ فون کی کارکردگی کو بہتر بنا سکتے ہیں اور زیادہ گرم ہونے کے امکانات کو کم کر سکتے ہیں۔

اے سی کا استعمال کریں:

اگر ممکن ہو تو اپنے اسمارٹ فون کو ٹھنڈے ماحول مثلاً اے سی والے کمرے میں استعمال کریں، اپنے فون کو دھوپ میں کھڑی کار کے اندر چھوڑنے سے گریز کریں جہاں درجہ حرارت تیزی سے بڑھتا ہے۔

درجہ حرارت مانیٹر کریں:

کچھ اسمارٹ فونز میں ایسی ایپلی کیشنز یا سیٹنگز ہوتی ہیں جو آپ کو اپنے اسمارٹ فون کے درجہ حرارت کی نگرانی کرنے میں مدد دیتی ہیں، اس پر نظر رکھیں اور اگر درجہ حرارت بڑھنے لگے تو فوراً ضروری اقدمات کریں۔