لائف اسٹائل

تربوز کو ریفریجریٹر میں کیسے رکھیں؟

اگر تربوز اچھی طرح پکا ہوا ہے تو اسے سالم بھی فریج میں رکھا جاسکتا ہے

Share: Next Story >>>

گرمی عروج پر ہے اور موسم گرما کا فرحت بخش پسندیدہ پھل تربوز کی خرید و فروخت بھی مارکیٹوں میں پورے جوبن پر ہے۔

اکثر اوقات جب آپ کوئی بڑا تربوز خرید کر گھر لاتے ہیں تو ایک بار اہل خانہ کے اس پھل سے اچھی طرح مستفید ہونے کے بعد بھی تربوز کا ایک بڑا حصہ بچ جاتا ہے۔

تو کیا آپ اس کٹے ہوئے تربوز کے باقی ماندہ حصے کو ریفریجریٹر (ڈیپ فریزر نہیں) میں محفوظ کرسکتے ہیں؟

طبی ماہرین کا یہ کہنا ہے کہ ایسا کیا جاسکتا ہے بلکہ ایسا ہی کرنا چاہئے۔ کٹے ہوئے تربوز کو فریج میں رکھنے سے اس کی تازگی برقرار رہتی ہے اور یہ ایک دو دن تک کھانے کے قابل رہ سکتا ہے۔

اگر تربوز اچھی طرح پکا ہوا ہے تو اسے سالم بھی فریج میں رکھا جاسکتا ہے اور اگر کٹ چکا ہے تو پھر اسے ریفریجریٹر میں رکھنا ہی بہتر ہے۔

فریج کے اندر کا ٹھنڈا درجہ حرارت پھل کی خرابی کے عمل کو سست کردے گا اور اس کا ذائقہ اور گودے کی حالت محفوظ رہے گی۔

پک جانے کے بعد پورا تربوز ریفریجریٹر میں رکھا جاسکتا ہے جہاں وہ ایک سے دو ہفتے تک محفوظ رہ سکتا ہے۔

اگر تربوز کی قاشیں محفوظ کرنی ہیں تو بہتر یہ ہے کہ چھلکے کے ساتھ ہی قاشیں محفوظ کی جائیں۔ ویسے صرف گودے کے کیوبز بھی ہوا بند کنٹینر میں رکھ کر یا انہیں پلاسٹک کی پنّی میں اچھی طرح لپیٹ کر فریج میں رکھا جاسکتا ہے۔

اس طرح پھل خشک ہونے یا پلپلا ہونے سے محفوظ رہے گا۔ ایسی حالت میں تربوز چار پانچ دن تک تازہ رہ سکتا ہے۔

اگر آپ ریفریجریٹر میں تربوز محفوظ کرنا چاہتے ہیں تو اس کے اندرکا درجہ حرارت تقریباً 4؍ ڈگری سینٹی گریڈ پر مستقل رکھیں۔ پھل کو فریزر کے اندربلکہ اس کے قریب بھی نہ رکھیں، فریزر کی قربت سے بھی اس کا حلیہ بگڑ سکتا ہے اور ذائقہ خراب ہوسکتا ہے۔